[]
یوپی کے زیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو بم سے اڑانے کے الزام میں پولیس نے دو لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر دھمکی دی تھی، جس کے بعد پولیس فعال ہو گئی اور تفتیش شروع کر دی
لکھنؤ: یوپی کے زیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو بم سے اڑانے کے الزام میں پولیس نے دو لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر دھمکی دی تھی، جس کے بعد پولیس فعال ہو گئی اور تفتیش شروع کر دی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر ان لوگوں نے رام مندر اور یوگی آدتیہ ناتھ کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی تھی۔ تفتیشی افسران نے اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دونوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
ایک بیان کے مطابق، اتر پردیش کی اسپیشل ٹاسک فورس کی ایک ٹیم نے لکھنؤ کے گومتی نگر کے وبھوتی کھنڈ علاقے سے تاہر سنگھ اور اوم پرکاش مشرا کو گرفتار کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں نے نومبر میں ‘@iDevendraOffice’ ہینڈل کا استعمال کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں آدتیہ ناتھ، ایس ٹی ایف کے سربراہ امیتابھ یش اور ایودھیا کے رام مندر کو دھمکی دی تھی۔
معلومات دیتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ یہ دھمکی ای میل آئی ڈی ‘alamansarikhan608@gmail.com’ اور ‘zubairkhanisi199@gmail.com’ کی مدد سے دی گئی تھی۔ جب دونوں ای میل آئی ڈی چیک کیے تو پتہ چلا کہ تاہر سنگھ نے ای میل اکاؤنٹس بنائے اور اوم پرکاش مشرا نے دھمکی آمیز پیغامات بھیجے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سنگھ اور مشرا دونوں گونڈا کے رہنے والے ہیں اور ایک پیرا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں کام کرتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایس ٹی ایف معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;