[]
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے سینئر اڈوکیٹ اے سدرشن ریڈی کو اڈوکیٹ جنرل کے طور پر نامزد کیا ہے۔ اس خصوص میں سکریٹری محکمہ قانون نے احکام جاری کئے جس کو گورنر ڈاکٹر تمل سائی سونداراجن نے منظوری دی ہے۔
اے سدرشن ریڈی ضلع جگتیال میں سارنگا پور منڈل کے رچاپلی موضع سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے سینٹ پالس اسکول میں ابتدائی تعلیم حاصل کی اور نظام کالج سے گریجویشن کیا اور عثمانیہ یونیورسٹی سے لاء کی ڈگری حاصل کی۔
سدرشن ریڈی نے ڈگری حاصل کرنے کے بعد پیشہ قانون میں اپنے کیریر کا آغاز اکتوبر 1985 ء سے کیا۔ وہ نظام کالج میں سابق چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کے ہم جماعت تھے۔
وہ متحدہ آندھرا پردیش میں کرن کمار ریڈی کے دور حکومت میں 17 /جنوری 2011 تا 3/جون 2014 اڈوکیٹ جنرل ہے۔
2014 میں ریاست کی تقسیم کے وقت صدر راج کے دوران آندھرا پردیش و تلنگانہ کے اڈوکیٹ جنرل تھے۔ وہ متحدہ آندھرا پردیش کے پہلے ایڈوکیٹ جنرل تھے جن کا تعلق تلنگانہ علاقہ سے تھا۔
تقسیم ریاست کے بعد تلنگانہ میں اس وقت کی تلنگانہ راشٹرا سمیتی (موجودہ بھارت راشٹرا سمیتی) کے اقتدار میں آنے کے بعد ریڈی نے اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
تلنگانہ میں پھر سے کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد وزراء اور سینئر کانگریس قائدین نے فیصلہ کیا کہ سدرشن ریڈی کے تجربہ کو ملحوظ رکھتے ہوئے بہ حیثیت اڈوکیٹ جنرل ان کی خدمات سے استفادہ کیا جائے۔