[]
نئی دہلی: وشواہندوپریشد نے اتوار کے دن کہا کہ ”بعض لوگ“ ایودھیا کے رام مندر ٹرسٹ کے نام پر فنڈس وصول کررہے ہیں حالانکہ انہیں اس کی کوئی اجازت حاصل نہیں ہے۔
چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ اور مرکزی وزارتِ داخلہ سے شکایت کی گئی ہے کہ ایسے لوگوں کے خلاف فوری کاروائی کی جائے۔
ایکس پرپوسٹ میں وشوا ہندوپریشد کے قومی ترجمان ونودبنسل نے لوگوں کو خبردارکیاکہ رام جنم بھومی تیرتھ شیترٹرسٹ کے نام پر چندہ مانگنے والوں کے جھانسے میں نہ آئیں۔
یہ لوگ مندر کے نام پر دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ ونود بنسل نے اترپردیش پولیس سربراہ کو بھیجی گئی شکایت کی کاپی مائکروبلاگنگ سائٹ پرشئیر کی۔
یہ کاپی یوگی آدتیہ ناتھ اور وزیرداخلہ امیت شاہ کو بھی بھیجی گئی ہے۔ وی ایچ پی ترجمان نے کہا کہ ہوشیار‘ بعض لوگ رام جنم بھومی تیرتھ شیترکی فرضی آئی ڈی کے حوالہ سے لوگوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔
ہم نے ڈی جی پی اترپردیش‘ آئی جی لکھنو رینج سے شکایت کی ہے کہ آستھا(عقیدہ) کے معاملہ میں فوری کاروائی کی جائے۔ وی ایچ پی نے حال میں کہاتھا کہ کسی کو بھی رام جنم بھومی افتتاحی تقریب (22جنوری) کیلئے علٰحدہ کمیٹی بنانے یا چندہ جمع کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔