[]
حیدرآباد: تلنگانہ کی کانگریس حکومت، جمعرات 28 دسمبر سے ریاست میں 6ضمانتوں پر عمل آوری کیلئے درخواستیں وصول کرے گی۔ کانگریس نے انتخابی مہم کے دوران عوام سے ریاست میں 6ضمانتوں (گارنٹیز) کو نافذ کرنے کا وعدہ کیاتھا۔
ریاست کے مواضعات اور ٹاونس وشہروں میں سرکاری عہدیدار، کل سے ضمانتوں پر عمل آوری کیلئے درخواستیں وصول کریں گے۔ درخواستوں کی وصولی کا عمل پرجاپالنا کے تحت 6 جنوری تک جاری رہے گا۔ عوام تک رسائی کو یقینی بنانے کیلئے ریاست کی نئی کانگریس حکومت نے پرجاپالانا پروگرام متعارف کرایا۔
ریاست کے جدید سکریٹریٹ میں چہارشنبہ کے روز ایک پروگرام منعقد ہوا جس میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے 6ضمانتوں کے لوگو، پوسٹر اور درخواست فامس جاری کئے۔ اس پروگرام میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکہ، وزراء، اور اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 28 دسمبر سے 6ضمانتوں پر عمل آوری کیلئے درخواستیں وصول کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان 6ضمانتوں میں مہا لکشمی، رعیتو بھروسہ، گروہا جیوتی، اندراماں ایلو (گھر) چیوتا اور یووا وکاسم شامل ہیں۔درخواست فامس، تمام مواضعات میں گرام سبھاؤں کے دوران کام کے8 دنوں میں وصول کئے جائیں گے۔
مواضعات کے ساتھ ٹاونس اور شہری بلدی وارڈز میں بھی8ایام کار میں درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت،تمام اہل استفادہ کنند گان کو 6 ضمانتوں کے ثمرات سے یقینی طور پر مستفید کراے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، عوام کو انصاف دلانے کیلئے ان کے پاس جارہی ہے۔
پرجاپالانا(عوامی حکمرانی) کا لوگو ابھئے ہستم کے تحت 6ضمانتوں کے نام، سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی تصویر پر مشتمل ہے۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے عوام کے نام ایک کھلا خط بھی جاری کیا ہے جس میں انہوں نے عوامی حکومت منتخب کرنے پر عوام سے اظہار تشکر کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ حلف برداری کے اندرون 48 گھنٹے2ضمانتوں کو نافذ کرتے ہوئے کانگریس حکومت نے ایک تاریخ بنائی ہے۔ ریاست کی آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی اور راجیو گاندھی آروگیہ شری کے تحت طبی خدمات کی حد میں 10لاکھ تک اضافہ کیا گیا ہے۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت نے مابقی4ضمانتوں پر عمل آوری کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس موقع پر فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی اگر کوئی اہل فرد، گرام سبھاؤں میں درخواستیں داخل کرنے سے قاصر رہا، اسے بعد میں متعلقہ عہدیدار کے پاس بھی اپنی درخواست داخل کرنے کی سہولت دی جائے گی۔
یہ پوچھے جانے پر کہ آیا صرف سفید راشن کارڈ گیرندے ہی 6ضمانتوں سے استفادہ کے لئے درخواستیں دے سکتے ہیں؟، چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ راشن کارڈ سے محروم افراد بھی درخواست داخل کرسکتے ہیں اور انہوں نے کہا کہ نئے راشن کارڈ کیلئے بھی درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔
مگر انہیں فام میں راشن کارڈ نہیں ہے کے کالم کی خانہ پری کرنا ہوگا۔ درخواست گزار کو فام میں پوچھے گئے تفصیلات تحریر کرنا ہوگا۔
انہیں، صدر خاندان کا نام، افراد خاندان کی تفصیلات، تاریخ پیدائش، آدھار کارڈ نمبر، راشن کارڈ نمبر، پیشہ اور موبائل نمبر جیسی تفصیلات کا اندراج فامس میں کرنا ہوگا۔ ہر منڈل میں پرجا پالنا پروگرام کا انچارج تحصیلدار رہے گا۔ ہر عہدیدار روزانہ 2مواضعات کا دورہ کرے گا۔