تلنگانہ:آرٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت۔مختلف مسائل کے حل کیلئے کمیٹی کی تشکیل

[]

حیدرآباد: تلنگانہ میں آرٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت کے بعد خاتون مسافرین کی تعداد میں اضافہ دیکھاجارہا ہے۔

اس مفت سفر والی مہالکشمی اسکیم پرخاتون مسافروں کی جانب سے مثبت ردعمل مل رہا ہے۔ دوسری طرف ٹکٹ خرید کر سفر کرنے والے مرد مسافرین نے شکایت کرتے ہوئے کہاکہ ٹکٹ خریدنے کے باوجود بس میں بیٹھنے کیلئے جگہ نہیں ہے اوروہ بس میں لٹک کریا ٹہر کر سفرکرنے پر مجبور ہیں۔

بعضمسافر کنڈکٹرس سے بحث کر رہے ہیں کہ ٹکٹ خریدنے کے بعد انہیں کھڑے ہو کر سفر کرنا ہے۔انہوں نے آرٹی سی انتظامیہ سے ان کا مسئلہ حل کرنے کی خواہش کی ہے۔

آرٹی سی حکام نے مختلف مسائل کو حل کرنے کیلئے کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی ہے۔ کمیٹی ان مسائل کا تجزیہ کر رہی ہے کہ کن اوقات میں زیادہ مسافرین سفر کرتے ہیں، کن سڑکوں پر زیادہ مسافرین سفر کرتے ہیں، ان سڑکوں پر خواتین کے لیے خصوصی بسیں کیسے مختص کی جائیں، ضعیف افراداور معذوروں کے لیے نشستیں کیسے مختص کی جائیں وغیرہ۔

آر ٹی سی نئی بسیں فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے، توقع کی جارہی ہے کہ نئی بسیں دستیاب ہوں تو مسئلہ حل ہو جائے گا۔آرٹی سی ریاست کا سب سے بڑا عوامی ٹرانسپورٹ سسٹم ہے جس کے پاس ریاست بھر میں 9,000 سے زیادہ بسیں ہیں۔

11 دنوں میں، ریکارڈ 3 کروڑ خواتین نے آرٹی سی بسوں میں سفر کیا، ہر روز 30 لاکھ مسافرین ان بسوں میں سفر کر رہے ہیں، مجموعی طور پر، آرٹی سی ہر روز 51 لاکھ مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچاتا ہے۔اس اسکیم کے نفاذ کے بعد سے، آر ٹی سی بسوں میں 62 فیصد مسافر خواتین سفر کررہی ہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *