[]
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر محنت اور سماجی بہبود نے کہا کہ ایران اور لبنان کے درمیان دوستانہ تعلقات بین الاقوامی میدان میں اسلامی اتحاد کو مضبوط بنانے کی راہ ہموار کریں گے۔
صولت مرتضوی نے تہران کے دورے پر آئے ہوئے اپنے لبنانی ہم منصب مصطفیٰ بیرم کے ساتھ ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون، اسلامی ریاستوں کے درمیان اتحاد و اتفاق کی بنیاد کو مضبوط کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور لبنان تمام شعبوں میں مشترکہ تعاون کو بڑھانے کے لئے مناسب پلیٹ فارم کا قیام عمل میں لا چکے ہیں۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ معاہدوں پر عمل درآمد کو تیز کرنے پر بھی زور دیا۔
اس دوران لبنان کے وزیر محنت نے کہا کہ دونوں ممالک تعلقات کو مضبوط بنانے کے خواہشمند ہیں اور ان کا ملک تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیتی خدمات کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کا خیر مقدم کرتا ہے۔
انہوں نے خطے میں اسلامی مزاحمت کے کلیدی کردار پر بھی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقوں میں صیہونی حکومت کے مظالم کے مقابلے میں تحریک مزاحمت کی فتح قریب اور یقینی ہے۔