[]
ریاض ۔ کے این واصف
سعودی محکمہ کسٹم نے ذاتی استعمال کا گھریلو سامان لانے کی صورت میں کسٹم قوانین میں تبدیلی کی منظوری دی ہے۔پہلی مرتبہ سعودی عرب آنے والے غیرملکیوں سے ذاتی استعمال کے سامان پرکسٹم ڈیوٹی وصول نہیں کی جائے گی۔
عربی روزنامہ عکاظ کے مطابق محکمہ کسٹم کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ سعودی شہری یا پہلی مرتبہ رہائشی ویزے پرمملکت آنے والے غیرملکیوں کو ذاتی استعمال کے لیے سامان لانے کی اجازت ہوگی ان پرکسٹم ڈیوٹی عائد نہیں کی جائے گی۔ سعودی شہری اگر بیرون ملک سے کم از کم 6 ماہ بعد مملکت آتے ہیں تو وہ اپنے ہمراہ کارگو کے ذریعے لانے والا ذاتی سامان ایک شرط پر بغیر کسٹم ڈیوٹی کے لا سکتے ہیں کہ انہیں اس بات کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا کہ وہ یہ ذاتی سامان بیرون مملکت رہتے ہوئے استعمال میں لاتے تھے۔
رہائشی ویزے پر مملکت آنے والے غیرملکیوں کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ پہلی مرتبہ مملکت آئے ہیں جس کے لیے وہ اپنا ذاتی سامان کارگو کے ذریعے لائے ہیں۔ نقل وحمل کے لیے استعمال ہونے والے ذرائع کو ذاتی سامان میں شامل نہیں کیا جاسکتا۔
قانون کی شق نمبر 32 کے مطابق تجارتی نمونے اسی صورت میں بغیر ڈیوٹی کے لائے جاسکتے ہیں کہ ان کی مجموعی مالیت پانچ ہزار ریال سے زائد نہ ہو۔