[]
نئی دہلی: پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر لوک سبھا میں دو نوجوانوں کے چھلانگ لگانے کے واقعہ کے بعد حکومت نے پورے پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکورٹی سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سی آئی ایس ایف نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل اجے کمار کی صدارت میں ایک بورڈ تشکیل دیا ہے تاکہ پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس کا ایک جامع اور گہرائی سے سروے کیا جاسکے تاکہ سی آئی ایس ایف کے سیکورٹی اور فائر ونگ کی باقاعدہ تعیناتی کی جاسکے۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے چہارشنبہ کے روز سی آئی ایس ایف ڈائریکٹوریٹ جنرل کو پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس کا جامع سروے کرنے کی ہدایت دی تھی، جس پر سی آئی ایس ایف ڈائریکٹوریٹ جنرل نے فوری طور پر اس بورڈ کی تشکیل کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق سی آئی ایس ایف پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس سے قبل پارلیمنٹ کے سیکورٹی انتظامات کی ذمہ داری سنبھالنے کا امکان ہے۔ تاہم شائقین کے لیے پاسز بنانے کا کام پارلیمنٹ کا عملہ ہی کرے گا۔
واضح رہے کہ 13 دسمبر کو دو نوجوان تماشائیوں نے گیلری سے لوک سبھا ہاؤس کے اندر چھلانگ لگا دی تھی، جس نے پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس کے سیکورٹی انتظامات پر ایک بڑا سوالیہ نشان کھڑا کر دیا تھا۔ اس کے بعد حکومت نے پارلیمنٹ کے سیکورٹی انتظامات کا جامع جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے۔