[]
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے 18 دسمبر کی صبح ہی ’ڈونیٹ فار دیش‘ مہم کو لانچ کیا تھا اور پارٹی لیڈر اجئے ماکن نے جانکاری دی ہے کہ محض 8 گھنٹے میں ہی 1.06 کروڑ روپے کا عطیہ حاصل ہو چکا ہے۔
کانگریس پارٹی کی طرف سے آج ’ڈونیٹ فار دیش‘ مہم شروع کی گئی ہے۔ یہ مہم دراصل کراؤڈ فنڈنگ کے مقصد سے شروع ہوئی ہے تاکہ پارٹی عوام کے حق میں کام کرنے کے لیے مضبوطی حاصل کر سکے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے 18 دسمبر کی صبح یہ مہم لانچ کی اور اس موقع پر سابق مرکزی وزیر اور کانگریس لیڈر اجئے ماکن، کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، دہلی کانگریس صدر اروندر سنگھ لولی وغیرہ موجود تھے۔
’ڈونیٹ فار دیش‘ مہم شروع ہوئے ابھی ایک دن بھی نہیں گزرا ہے، لیکن عوام کی طرف سے خاطر خواہ دلچسپی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ کانگریس لیڈر اجئے ماکن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں جانکاری دی ہے کہ مہم لانچ ہونے کے محض 8 گھنٹے کے اندر ہی 1.06 کروڑ روپے عطیہ حاصل ہو چکا ہے۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ہم ان 47587 عطیہ دہندگان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنھوں نے پہلے 8 گھنٹوں میں ہی مل کر 1.06 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم کا تعاون کانگریس کو ایک مضبوط اپوزیشن کا کردار نبھانے کے لیے کیا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ کروڑوں ملکی باشندے بڑھ چڑھ کر اس مہم میں حصہ لیں گے۔ donateinc.in پر جائیں اور بہتر ہندوستان بنانے کی مہم میں شامل ہوں۔‘‘
واضح رہے کہ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی عوام سے ’ڈونیٹ فار دیش‘ مہم میں شامل ہونے کی گزارش کی ہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیے گئے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’آپ اور ہم، مل کر بنائیں گے ایک بہتر بھارت۔ سبھی کو سماج میں پورا انصاف دلا کر۔ یکساں مواقع اور حقوق دلا کر۔ ترقی پذیر مستقبل کا راستہ بنا کر ہندوستان کے اس ویژن میں کانگریس کے ساتھ جڑیں۔ donateinc.in پر جائیں، اس مہم میں اپنا تعاون دیں، اس جدوجہد میں برابر کے ساتھی بنیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;