[]
لاہور: سابق پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگز میں کھیلتے رہے۔ تاہم اب وہ میدان میں اپنے کھیل کے علاوہ میدان سے باہر اپنے بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔
وہ اکثر پاکستانی ٹیم مینجمنٹ اور کپتان بابراعظم کے بارے میں طرح طرح کے تبصرے کرتے رہتے ہیں۔ اب محمد عامر نے دنیا کی سب سے بڑی لیگ آئی پی ایل میں کھیلنے کو لیکر بڑا بیان دے دیا ہے۔
ہر کرکٹر دنیا کی سب سے بڑی لیگ، انڈین پریمیر لیگ یعنی آئی پی ایل میں کھیلنے کا خواب دیکھتا ہے۔ اس لیگ کی مقبولیت دنیا میں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ دو ماہ تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں دنیا بھر سے کھلاڑی کھیلنے آتے ہیں جن پر پیسوں کی بارش ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایاکہ ان کی اہلیہ نرگس خان برطانوی شہری ہیں۔ اس لیے سال 2024 تک انہیں برطانوی شہریت بھی مل جائے گی۔ تاہم آئی پی ایل کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ وہ اس بارے میں تب ہی سوچیں گے جب انہیں شہریت ملے گی۔
اس دوران اطلاع ہے کہ محمد عامر کو ابھی سے آئی پی ایل کی مختلف ٹیموں کی جانب سے بھاری پیشکش وصول ہورہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ممبئی انڈینس اور آر سی بی نے انہیں 20 کروڑ کی پیشکش کی ہے۔ تاہم دونوں فرنچائز کی جانب سے اس سلسلہ میں سرکاری طورپر کوئی بیان جاری نہیں کیاگیاہے۔
محمد عامر کا کرکٹ کیریر تنازعات سے بھرا رہا ہے۔ انہوں نے 2009 میں صرف 17 سال کی عمر میں ڈیبیو کیا اور اپنے کیریر کا شاندار آغاز کیا۔ لیکن انگلینڈ میں اسپاٹ فکسنگ کیس میں مجرم پائے جانے کے بعد ان پر 5 سال کیلئے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی گئی۔
اس کے بعد وہ دوبارہ واپس آئے اور بین الاقوامی کرکٹ میں ایک بار پھر اپنی چھاپ چھوڑی۔ محمد عامر نے پاکستان کی جانب سے 36 ٹسٹ، 61 ونڈے اور 50 ٹی ٹوئنٹی میاچس کھیلے جس میں انہوں نے مجموعی طورپر 259 وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے ٹسٹ میں 119، ونڈے میں 81 اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 59 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عامر نے دسمبر 2020 میں انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ ان کے اس فیصلے نے کئی سابق کرکٹرز کو حیران کردیا۔