[]
امرواتی: تلگودیشم پارٹی کے سربراہ این چندرا بابو نائیڈو نے اتوار کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے ان سے طوفان میچانگ کی تباہی کو قومی آفات قرار دینے کا مطالبہ کیا۔
آندھرا پردیش اور ٹاملناڈو میں شدید طوفان کی تباہی کا حوالہ دیتے ہوئے نائیڈو نے مودی سے خواہش کی کہ طوفان کے اثرات اور اس کی تباہی کو آفات سماوی قرار دیں۔
ان حالات میں جبکہ طوفان سے آندھرا پردیش شدید متاثر ہوا ہے، اس ریاست کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہئے۔ طوفان میچانگ سے ٹاملناڈو میں بھی زبردست تباہی ہوئی ہے۔ میری آپ سے مودبانہ التماس ہے کہ طوفان میچانگ کی تباہی کو قومی آفات قرار دیں۔ نائیڈو نے نریندر مودی کو موسومہ مکتوب میں یہ بات کہی۔
انہوں نے وزیر اعظم پر زور دیا کہ وہ ریاست میں طوفان کی تباہی کا جائزہ لینے اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے مرکزی ٹیم، اے پی کو روانہ کریں۔
انہوں نے وزیر اعظم کو بتایاکہ طوفان سے ریاست میں 10ہزار کروڑ مالیتی فصلیں تباہ ہوگئیں۔770 کیلو میٹر طویل سڑکوں کو نقصان پہونچا۔ علاوہ ازیں طوفان کی وجہ سے آبرسانی، آبپاشی، برقی سربراہی اور دیگر سہولتیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
سابق چیف منسٹر کے مطابق اس آفت کو قومی تباہی قرار دیتے ہوئے فوری طور پر ضروری ریلیف کاموں کو انجام دینا ہوگا۔