آج دنیا امریکہ کے خلاف متحد اور غزہ فتح و سربلندہ کی راہ پر گامزن ہے، جنرل سلامی

[]

مہر نیوز کے نمائندے کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف میجر جنرل حسین سلامی نے آج تہران بھر کے عوام کی فلسطینی بچوں کی حمایت میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا: “میں آج اس عظیم قوم کی موجودگی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آج کے دن کو اسلام اور ایران کی تاریخ کے لیے یوم اللہ بنانے پر آپ لوگوں کا شکریہ۔

انہوں نے کہاکہ آج اسلامی جمہوریہ ایران روئے زمین کے معزز ترین دلاوروں کے شیر دل فرزندوں یعنی پیارے فلسطین کی حمایت میں محبت اور مذہبی جوش و جذبے سے معمور ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے کہا: الاقصیٰ طوفان میں جو کچھ ہوا وہ امریکہ، صیہونی حکومت اور برطانیہ کی طرف سے فلسطین کے خلاف 100 سال سے کئے گئے جرائم اور مظالم کا ردعمل تھا۔ کیونکہ پچھلے 75 سالوں سے فلسطینیوں کو زبردستی بے گھر کر کے ان سے امن اور ترقی چھین لی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ برطانوی حکومت نے فلسطین کی سرزمین فلسطینی عوام سے چھین کر صہیونیوں کو دے دی اور اس کے بعد مظلوم فلسطینی عوام کے قتل جیسے واقعات رونما ہوئے۔ فلسطینی عوام کے خلاف کئی بار ہولناک قتل عام کیا گیا ہے اور یہ سب عالمی جرائم کے سرغنوں نے انجام دیا ہے۔

میجر جنرل سلامی نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ فلسطینیوں نے کبھی بھی امریکہ اور اسرائیل کی سیاست کے ہاتھوں ذلیل و رسوا ہونا قبول نہیں کیا اور بھرپور مزاحمت کی، شہادتیں فلسطینی عوام کی زندگیوں کا لازمی حصہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ الاقصیٰ طوفان آپریشن نے اس افسانے کو دفنا دیا جو صیہونیوں نے دنیا بھر میں پھیلا رکھا تھا۔ اس آپریشن نے ثابت کر دیا کہ بیرونی آقاوں کی امداد غاصب اسرائیل کو شکست سے نہیں بچا سکتی اور امریکہ اس وقت اسرائیل کی مدد کو آتا ہے جب بہت دیر ہوچکی ہوتی ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے کہا کہ مغرب، امریکہ، برطانیہ، فرانس اور بعض منافق حکومتیں بے گناہوں کے قتل اور غزہ کے محاصرے پر خاموشی اختیار کر کے بڑی اخلاقی رسوائی سے دوچار ہوئیں۔ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ان کا کوئی بھی اقدام صیہونی حکومت کے جلد از جلد خاتمے کو نہیں روک سکے گا۔

آج دنیا امریکہ کے خلاف متحد ہے

انہوں نے مزید کہا کہ آج دنیا امریکہ کے خلاف متحد ہے اور امریکہ آج پہلے سے کہیں زیادہ تنہائی کی دلدل میں اتر چکا ہے۔

صیہونی حکومت کا خاتمہ کوئی مشکل کام نہیں ہے

میجر جنرل سلامی نے کہا کہ صیہونی حکومت کا خاتمہ کوئی مشکل کام نہیں ہے اور اسرائیل اب امن، سکون اور سلامتی کو نہیں دیکھ سکتا اور بے چینی اب سے صہیونیوں کا جینا دوبھر کر دے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج امریکہ اور اسرائیل غزہ کے نومولود بچوں اور نہتے شہریوں پر وحشیانہ بمباری کو جیت کا نام دے رہے ہیں اور نہایت بے شرمی سے فخریہ اعلان کرتے ہیں کہ وہ بچوں کو مارتے ہیں اور اسے فتح سمجھتے ہیں جو کہ در اصل غاصب اسرائیل (مغربی حامیوں)کے لیے سب سے بڑی ذلت ہے اور اگر وہ مرد ہیں تو میدان میں اتر کر فلسطینی مردوں کا آمنے سامنے مقابلہ کریں۔

مسلمانان عالم غزہ کے مظلوم عوام کے خون کا بدلہ ضرور لیں گے/ اس انتقام کی میعاد ختم نہیں ہونے والی ہے

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے تاکید کی کہ مسلمان غزہ کے مظلوم عوام کے خون کا انتقام ضرور لیں گے اور اس انتقام کی کوئی میعاد نہیں ہے اور یہ ایک طویل عمل ہے۔ 

آج صیہونی حکومت چاروں طرف سے دیواروں میں گھری ہوئی ہے اور دیواروں کے پیچھے سے لڑنا چاہتی ہے۔ امریکہ بھی شدید تنہائی کا شکار ہے اور اس جنگ کے باعث امریکی معیشت کو نقصان پہنچے گا کیونکہ اسلامی ممالک ان پر پابندیاں عائد کریں گے۔

اس وقت غزہ فتح و سربلندہ کی راہ پر گامزن ہے

انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی رات کو بھی اپنے ہی سائے سے ڈرتے ہیں اور غزہ فتح کی راہ پر گامزن ہے۔ پوشیدہ (گوریلا) جنگ فلسطین کے حق میں ہے جس کا نتیجہ اپنی سرزمین کا دفاع کرنے والوں کے حق میں ہے۔

میجر جنرل سلامی نے کہا کہ غاصب صیہونیوں پر خدا کا عذاب ایسی جگہ سے آتا ہے جس کا انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا، جیسا کہ ہم نے الاقصیٰ طوفان آپریشن میں اس (قہر الہی) کا مشاہدہ کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ابھی بھی بہت سی صلاحیتیں باقی ہیں جن کا استعمال نہیں کیا گیا ہے اور ہمارے دشمنوں کو یہ خیال اپنے دلوں سے نکال دینا چاہئے کہ وہ اپنے خوابوں کو حاصل کر سکتے ہیں اور ہم انہیں بالکل بھی مہلت نہیں دیں گے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *