حیدرآباد میں لڑکے کو ’’پاکستانی‘‘ کہنے کے معاملہ میں نیا موڑ – ملزم کی غیر مشروط معافی

حیدرآباد: لڑکے کو ’’پاکستانی‘‘ کہنے کے معاملے میں نیا موڑ، ملزم کی غیر مشروط معافی، مقدمہ برقرار

 

حیدرآباد: جواہر نگر پولیس اسٹیشن حدود میں ایک نوجوان کو ’’پاکستانی‘‘ کہنے کے معاملے میں تازہ پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے اور عوامی برہمی کے بعد پولیس نے متعلقہ شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا، جبکہ آج ملزم نے اپنے رویہ پر غیر مشروط معافی مانگ لی ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق کوڑنگل سے تعلق رکھنے والی شیخ نسیمہ کاپرا کے جنا پریا لیک فرنٹ اپارٹمنٹس میں مقیم ہیں۔ خرابیٔ صحت کے باعث ان کے رشتہ دار کا لڑکا ندیم ان کی دیکھ بھال کے لیے حیدرآباد آیا تھا۔ اسی دوران نسیمہ کے چھوٹے بیٹے کی دوست پراچی بھی ناگزیر حالات کے سبب ان کے مکان میں رہنے لگی۔ پراچی کی پالتو بلیوں کو بالکنی میں رکھنے پر پڑوسیوں نے اعتراض کیا، جس کے بعد تنازع شدت اختیار کر گیا۔

 

خاتون کے مطابق اپارٹمنٹ کی مینجمنٹ کمیٹی کے بعض افراد نے ندیم اور ان پر بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں ’’پاکستانی ایجنٹ‘‘ قرار دیا، جبکہ ایک ذمہ دار نے نوجوان کو ’’پاکستانی‘‘ کہہ کر مخاطب کیا۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شدید ردعمل سامنے آیا اور کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

 

جواہر نگر پولیس نے شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ دریں اثنا، آج اس معاملے میں نیا موڑ اس وقت آیا جب ملزم نے اپنے ریمارکس پر غیر مشروط معافی مانگ لی، تاہم پولیس کی جانب سے درج مقدمہ برقرار ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *