حضرت محبوبِ الٰہی خواجہ نظام الدین اولیاءؒ کی تعلیمات محبت، خدمتِ خلق اور اخوت کا ابدی پیغام ہیں: مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری

حضرت محبوبِ الٰہی خواجہ نظام الدین اولیاءؒ کی تعلیمات محبت، خدمتِ خلق اور اخوت کا ابدی پیغام ہیں: مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری

حیدرآباد، 21 جون (پریس ریلیز)تلنگانہ تنظیم فروغِ لسانیات کے صدر، حضرت مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے آج صدر دفتر، بنجارہ ہلز روڈ نمبر 12، حیدرآباد میں منعقدہ ایک علمی و روحانی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر ہند میں اسلام کی اشاعت، اخلاقی اقدار کے فروغ اور انسانیت کی خدمت میں حضرت سلطان المشائخ، محبوبِ الٰہی، حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء رحمۃ اللہ علیہ کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ آپ نے اپنی پوری زندگی عبادت و ریاضت، تزکیۂ نفس، اصلاحِ معاشرہ اور بندگانِ خدا کی دلجوئی میں صرف فرمائی اور اپنے حسنِ اخلاق، شفقت، ایثار اور بے مثال روحانی فیضان کے ذریعے لاکھوں انسانوں کی زندگیوں کو منور کیا۔مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے فرمایا کہ حضرت محبوبِ الٰہی رحمۃ اللہ علیہ ایک ایسے عظیم روحانی پیشوا تھے جنہوں نے فقر و استغنا، خدمتِ خلق اور محبت و اخوت کے عملی نمونے پیش کیے۔ آپ کی خانقاہ ہر خاص و عام کے لیے فیض و برکت کا مرکز تھی جہاں بھوکوں کو کھانا، محتاجوں کو سہارا اور پریشان حال انسانوں کو سکون و اطمینان نصیب ہوتا تھا۔ آپ نے کبھی دنیاوی اقتدار اور شاہی قربت کو اہمیت نہیں دی بلکہ اپنی تمام تر توجہ اللہ تعالیٰ کی رضا اور مخلوقِ خدا کی خدمت پر مرکوز رکھی۔

انہوں نے کہا کہ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء رحمۃ اللہ علیہ علومِ قرآن، حدیث، فقہ، تصوف اور ادب کے جامع عالم تھے۔ آپ کی مجالس علم و معرفت کا سرچشمہ تھیں اور آپ کے ارشادات نے بے شمار تشنگانِ علم و روحانیت کی پیاس بجھائی۔ آپ کے مرشد کامل حضرت بابا فرید الدین گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ کی تربیت نے آپ کو ولایت و معرفت کے بلند ترین مقام تک پہنچایا اور پھر آپ نے دہلی کو رشد و ہدایت کا ایسا مرکز بنایا جس کی روشنی پورے ہندوستان میں پھیل گئی۔

 

مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں جبکہ معاشرہ نفرت، مادیت اور بے چینی کا شکار ہے، حضرت محبوبِ الٰہی رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت کی حامل ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ان کے پیغامِ محبت، اخوت، رواداری، خدمتِ خلق اور حسنِ اخلاق کو اپنی زندگیوں میں جگہ دیں اور نئی نسل کو ان عظیم صوفی بزرگوں کی تعلیمات سے روشناس کرائیں، کیونکہ انہی پاکیزہ تعلیمات کے ذریعے معاشرے میں امن، بھائی چارہ اور روحانی سکون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

آخر میں مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اولیائے کرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے، علم و معرفت کی روشنی کو عام کرنے اور محبت و اخوت کے پیغام کو فروغ دینے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *