نیٹ امتحان سے ایک دن قبل حیدراباد میں ثنا نامی طالبہ کی خودکشی – ذہنی دباو کا شکار ہونے کی بتائی وجہ

حیدرآباد: نیٹ (یو جی) ری امتحان سے ایک دن قبل امتحانی دباؤ کے باعث ایک طالبہ کی خودکشی  کا افسوسناک واقعہ حیدراباد کے میاں پور پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا۔ متوفیہ کی شناخت ثنا کے طور پر ہوئی ہے، جس کا تعلق آندھرا پردیش کے ضلع وائی ایس آر کڑپہ سے تھا اور وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ حیدرآباد کے کلپنا اپارٹمنٹس میں مقیم تھی۔ اس کے والد جعفر حسین اس وقت کویت میں مقیم ہیں۔

 

اطلاعات کے مطابق ثنا نیٹ امتحان کی تیاری کر رہی تھی اور لانگ ٹرم کوچنگ بھی حاصل کر رہی تھی۔ ہفتہ 20 جون کو گھر میں اس وقت خودکشی کرلی جب مکان میں وہ تنہا تھی

 

پولیس کو ملے ایک نوٹ میں ثنا نے لکھا کہ اس کی موت کا ذمہ دار کوئی نہیں ہے اور وہ گھر والوں کی توقعات پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے ذہنی دباؤ کا شکار تھی۔

 

گھر والوں کی شکایت پر میاں پور پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے گاندھی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اتوار کو ہونے والے نیٹ ری امتحان سے قبل پیش آئے اس واقعہ سے گھر والے اور رشتہ دار غم میں ڈوب گئے ہیں۔

 

واضح رہے کہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کی جانب سے پہلے منعقدہ نیٹ یو جی 2026 امتحان کو سوالیہ پرچہ لیک ہونے کے الزامات کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا، جس کے بعد 21 جون کو دوبارہ امتحان منعقد کیا جا رہا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *