اسرائیلی حملوں پر ایران کا بڑا فیصلہ، آبنائے ہرمز دوبارہ بند، سخت اقدامات کی وارننگ

تہران: ایران نے ایک بار پھر آبنائے ہرمز  کو بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے دنیا کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ امریکہ کے ساتھ امن معاہدہ طے پانے کے باوجود ایران نے یہ قدم اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی اور لبنان پر حملوں کے بعد اٹھایا ہے۔

 

ایران کے مطابق اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوبی لبنان پر مسلسل حملے کئے، جس کے جواب میں آبنائے ہرمز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں ایران کی مشترکہ عسکری اعلیٰ کمان ’’خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز‘‘ نے باضابطہ اعلان کیا۔

 

ایران نے خبردار کیا کہ اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف یہ صرف ابتدائی ردعمل ہے، اگر حملے بند نہ ہوئے تو مزید سخت اقدامات کئے جائیں گے اور اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

 

ایران کے اس فیصلے سے مغربی ایشیا میں صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی ہے اور سمندری نقل و حمل بھی متاثر ہونے لگی ہے۔ ایرانی اقدام کے بعد خطے میں جہازوں کی آمد و رفت میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے۔

 

ادھر ہفتہ کے روز اسرائیل کے جنوبی لبنان پر حملوں میں 16 افراد ہلاک ہوگئے، جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ اس سے ایک روز قبل اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا، تاہم اس کے باوجود اسرائیل کی جانب سے ڈرون حملے کئے جانے سے خطے میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔

 

امریکہ بھی جنگ بندی کے بعد اسرائیلی حملوں پر ناراضگی کا اظہار کر رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو ذمہ داری سے کام لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو ان کے قریبی دوست ہیں، لیکن ان کے بعض اقدامات کو روکنا ناگزیر ہے۔

 

 

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *