مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت دفاع نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کے حالیہ پیغام کے جواب میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے قومی حقوق کے تحفظ اور رہبر انقلاب کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ رہبر انقلاب کا حالیہ پیغام واضح، دوٹوک، حقیقت پسندانہ اور رہنمائی فراہم کرنے والا ہے، جو اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کسی مرحلے کا اختتام نہیں بلکہ ایرانی عوام کے حقوق کے حصول کے لیے ایک مشروط اور نئے سفر کا آغاز ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ رہبر انقلاب کا پیغام ایک طرف عوام کے لیے امید افزا ہے تو دوسری جانب دشمنوں کے لیے ایک واضح انتباہ بھی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ پیغام حکومتی ذمہ داران پر عائد کردہ ذمہ داریوں، قومی اتحاد و انسجام کی ضرورت اور عوام کی فعال اور مطالبہ کرنے والی موجودگی کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
وزارتِ دفاع نے مزید کہا کہ وہ ملکی اور عسکری اداروں کے شانہ بشانہ رہبرِ انقلاب کے شفاف احکامات اور تدابیر کے نفاذ کے لیے مکمل آمادگی رکھتی ہے اور سیاسی حالات سے قطع نظر دفاعی تیاریوں اور عسکری صلاحیتوں میں اضافے کے عمل کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گی۔
بیان کے اختتام پر زور دیا گیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلسل کامیابی کا بنیادی راز سپریم کمانڈر کے احکامات کی غیرمشروط پیروی اور قومی اہداف اور مفادات کے مکمل حصول تک تمام ریاستی اداروں کی بیداری، بصیرت اور جہادی جذبے میں پوشیدہ ہے۔
