
حیدراباد : آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور کے گتی ٹاون میں ایک افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں چپس کے پیاکٹ میں موجود ایک چھوٹا کھلونا پانچ سالہ بچے کی جان لے گیا۔ اس حادثے کے بعد پورے علاقے میں غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق 5سالہ فرحان نے مقامی دکان سے چپس کا ایک پیاکٹ خریدا تھا۔ چپس کھانے کے دوران پیاکٹ میں موجود چھوٹا کھلونا اچانک اس کے گلے میں پھنس گیا، جس کے باعث اسے سانس لینے میں شدید دشواری پیش آنے لگی۔ گھر والوں نے فوری طور پر بچے کو بچانے کی کوشش کی، تاہم اس کی حالت بگڑتی چلی گئی۔
بچے کی تشویشناک حالت دیکھتے ہوئےگھر والے اسے فوری طور پر قریبی سرکاری ہاسپٹل لے گئے، لیکن ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد بتایا کہ ہاسپٹل پہنچنے سے قبل ہی اس کی موت واقع ہو چکی تھی۔ ڈاکٹروں کے مطابق کھلونا سانس کی نالی میں پھنس جانے کے باعث بچے کا دم گھٹ گیا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور معاملے کی جانچ شروع کر دی۔ پولیس یہ بھی معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا مذکورہ چپس پیاکٹ میں کھلونا حفاظتی اصولوں کے مطابق رکھا گیا تھا یا نہیں۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد مقامی افراد نے بچوں کو فروخت کی جانے والی اشیاء میں شامل چھوٹے کھلونوں اور دیگر خطرناک اشیاء پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ والدین سے بھی اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ کم عمر بچوں کو ایسی اشیاء استعمال کرتے وقت خصوصی نگرانی میں رکھیں تاکہ اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے۔
