
میسی کی ہیٹ ٹرک، ارجنٹینا کی شاندار فتح؛ کلوزے کے عالمی ریکارڈ کی برابری
ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر نے ایک اور تاریخی کارنامہ انجام دیتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ کے ایک میچ میں ہیٹ ٹرک اسکور کر دی۔ الجزائر کے خلاف کھیلے گئے میچ میں میسی کی شاندار کارکردگی کی بدولت ارجنٹینا نے 0-3 سے کامیابی حاصل کی۔
اس ہیٹ ٹرک کے ساتھ میسی نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے جرمن فٹبالر کے ریکارڈ کی برابری کر لی۔ کلوزے نے ورلڈ کپ مقابلوں میں مجموعی طور پر 16 گول اسکور کیے تھے اور طویل عرصے سے سرفہرست اسکورر کے طور پر برقرار تھے، جبکہ اب میسی بھی اسی تعداد تک پہنچ گئے ہیں۔
اپنا چھٹا ورلڈ کپ کھیلنے والے میسی نے اس موقع پر اپنے بین الاقوامی کیریئر کا 200واں میچ بھی کھیلا۔ آٹھ مرتبہ بیلون ڈی اور ایوارڈ جیتنے والے میسی نے الجزائر کے خلاف میچ میں اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
کینساس سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں میسی نے 17ویں منٹ میں پہلا گول اسکور کیا۔ بعد ازاں حریف ٹیم کی ایک غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دوسرا گول داغا۔ میچ کے 76ویں منٹ میں نکولس گونزالیز کے پاس پر شاندار انداز میں تیسرا گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
میسی کی قیادت میں ارجنٹینا نے گروپ جے میں فاتحانہ آغاز کیا، جبکہ ان کی شاندار کارکردگی پر انہیں ’’پلیئر آف دی میچ‘‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

