
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ، ایران اور امریکہ کے درمیان معاہدہ حتمی شکل اختیار کرنے اور آئندہ جمعہ کو سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں اس پر دستخط کی تیاریوں کے درمیان امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ وہ اس تقریب میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جے ڈی وینس نے امریکی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ جمعہ کے روز جنیوا میں ہونے والی ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ معاہدے کی دستخطی تقریب میں ضرور شریک ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس بات کا بھی امکان موجود ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خود بھی اس تقریب میں شرکت کریں، تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ میرا تو یقینی پروگرام ہے کہ میں وہاں موجود ہوں، لیکن یہ امکان بھی ہے کہ خود صدر بھی وہاں موجود ہوں۔
جے ڈی وینس نے مزید بتایا کہ وائٹ ہاؤس اب بھی اس دورے سے متعلق تفصیلات اور انتظامی امور کا جائزہ لے رہا ہے اور اس بات پر غور جاری ہے کہ معاہدے کی متوقع دستخطی تقریب میں امریکی حکام کس سطح پر شرکت کریں گے۔
