
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ترکیہ، عراق اور مصر کے وزرائے خارجہ کے ساتھ الگ الگ ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور اسلام آباد معاہدے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران ایرانی وزیر خارجہ نے معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے امریکہ کی ذمہ داریوں کی نشاندہی کی اور لبنان کے خلاف اسرائیل کی جارحیت اور عدم استحکام پیدا کرنے والے حملوں کے مکمل خاتمے پر زور دیا۔
انہوں نے ترکیہ، عراق اور مصر کے وزرائے خارجہ کے تعمیری کردار اور جنگ بندی کے قیام، کشیدگی میں کمی اور سفارتی کوششوں کے ذریعے خطے میں استحکام کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔
رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں قریبی رابطے اور مسلسل مشاورت کو جاری رکھا جائے گا تاکہ امن و استحکام کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔
