ایران سے ممکنہ معاہدے کے بارے میں ٹرمپ کے دعوے پر نیتن یاہو کا ردعمل

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی وزیراعظم نتن یاہو کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ ان کی امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی، جس میں ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔

بیان کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار کیے جانے والے ایک مجوزہ مفاہمتی مسودے کے بارے میں نیتن یاہو کو آگاہ کیا اور اس حوالے سے مشاورت کی۔

نیتن یاہو کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ اگرچہ اسرائیل اس مجوزہ یادداشتِ تفاہم کا فریق نہیں ہے، تاہم نیتن یاہو نے صدر ٹرمپ کے اس مؤقف کو سراہا جس میں مبینہ طور پر افزودہ جوہری مواد کی منتقلی، افزودگی کے ڈھانچے کے خاتمے، میزائل سازی کی محدودیت اور خطے میں ایران کی حمایت یافتہ گروہوں کی پشت پناہی روکنے جیسے نکات شامل ہیں۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر دعوی کیا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ حتمی مراحل میں داخل ہوچکا ہے اور جلد ہی کسی یورپی ملک میں اس پر دستخط کیے جا سکتے ہیں۔

تاہم ایرانی حکام اس سے قبل واضح کر چکے ہیں کہ مذاکرات کے بارے میں سامنے آنے والی اطلاعات حتمی نہیں ہیں اور ابھی تک کسی معاہدے کو حتمی شکل نہیں دی گئی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *