مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی مسلح افواج نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں اور لبنان میں شہری آبادی پر حملوں کے جواب میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں متعدد فوجی اور اسٹریٹجک اہداف پر وسیع پیمانے پر میزائل حملے کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں واقع اہم فوجی اڈوں اور عسکری مراکز کی جانب درجنوں درست نشانے والے بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ جس کے بعد تل ابیب، حیفا اور مقبوضہ فلسطین کے وسطی علاقوں میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔
باخبر فوجی ذرائع کے مطابق اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا اور اس کارروائی کے ذریعے صہیونی حکومت اور اس کے امریکی حامیوں کو ایک واضح پیغام پہنچایا گیا۔
یہ حملہ اسلامی جمہوری ایران کے اس پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ مزاحمتی محاذ کا دفاع اور لبنان و فلسطین کی مظلوم اقوام کی حمایت جاری رکھے گا۔
ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائی جائز دفاع کے حق کے تحت انجام دی گئی۔ اسرائیل نے پاکستان کی ثالثی میں طے پانے والے اسلام آباد جنگ بندی معاہدے کی بارہا خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوبی لبنان اور بیروت کے نواحی علاقوں پر حملے کیے، جن میں متعدد لبنانی شہری جان سے گئے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے معاہدے کے فورا بعد ان شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لبنان پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا، جس کے باعث ایران نے جوابی کارروائی کا فیصلہ کیا۔ تہران پہلے ہی خبردار کر چکا تھا کہ اگر لبنان کے محاذ پر جنگ بندی کی مزید خلاف ورزی کی گئی تو اس کے نتائج برآمد ہوں گے۔
ایران نے واضح کیا ہے کہ حالیہ میزائل حملے صرف ابتدائی جواب ہیں اور اگر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو مزید اقدامات بھی کیے جاسکتے ہیں۔
