لبنان کے بحران کا کوئی فوجی حل نہیں، اقوام متحدہ

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ نے لبنان میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے 14 لاکھ متاثرہ افراد کی امداد کے لیے 640 ملین ڈالر کے ہنگامی فنڈ کی اپیل کی ہے۔

عالمی ادارے نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ لبنان میں انسانی ضروریات مسلسل بڑھ رہی ہیں، اس لیے امدادی سرگرمیوں کے لیے مالی وسائل میں فوری اضافہ ناگزیر ہے تاکہ مزید جانوں کو بچایا جا سکے۔

اقوام متحدہ نے واضح کیا کہ لبنان کے موجودہ بحران کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ ادارے کے مطابق تشدد کا خاتمہ، مکمل جنگ بندی اور فریقین کے درمیان بامعنی مذاکرات ہی صورتحال کو معمول پر لانے اور انسانی بحران کے خاتمے کا مؤثر راستہ ہیں۔

بیان میں بین الاقوامی انسانی قانون کی پاسداری پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ شہری آبادی، بنیادی ڈھانچے اور طبی مراکز کو ہر صورت تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔ اسی طرح امدادی تنظیموں کو متاثرہ علاقوں تک محفوظ اور بلا رکاوٹ رسائی دی جانی چاہیے اور شہریوں کے لیے محفوظ انسانی راہداریوں کا انتظام بھی ضروری ہے۔

اقوام متحدہ نے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو لبنان میں انسانی بحران مزید سنگین شکل اختیار کر سکتا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *