سلامتی کونسل کی نشست نہ ملنا جرمنی کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے، بقائی

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے غزہ، لبنان اور ایران کے حوالے سے جرمنی کی دوغلی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ غیرذمہ دارانہ حکمت عملی کی وجہ سے عالمی سطح پر جرمنی کی ساکھ شدید متاثر ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان اسماعیل بقائی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست حاصل کرنے میں جرمنی کی ناکامی عالمی برادری کی جانب سے ایک واضح پیغام ہے اور یہ اس کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں کے خلاف ردعمل کی عکاسی کرتی ہے۔

اپنے بیان میں بقائی نے کہا کہ کئی دہائیوں میں پہلی بار جرمنی سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست حاصل کرنے میں ناکام رہا، جو غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف جاری مظالم اور ایران کے خلاف امریکہ و اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کے بارے میں جرمن حکمرانوں کے رویے پر عالمی برادری کی بڑھتی ہوئی ناراضی کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جرمنی اسرائیل کو مہلک ہتھیار فراہم کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے اور اس نے مسلسل فلسطینیوں کے خلاف ہونے والے اقدامات کا جواز پیش کیا ہے۔ جب اسرائیل نے ایران کے خلاف جارحیت کا آغاز کیا تو برلن نے اس کی مذمت کرنے کے بجائے اس کی حمایت کی اور اسے ایسا اقدام قرار دیا جو ’’ہم سب کی طرف سے کیا جا رہا ہے‘‘۔

ایرانی ترجمان نے مزید کہا کہ دنیا تیزی سے تبدیل ہورہی ہے اور اب ممالک کو بین الاقوامی قانون کے بارے میں ان کے دعووں سے نہیں بلکہ ان کے عملی رویے کی بنیاد پر پرکھا جا رہا ہے۔ جو حکومتیں اس تبدیلی کو نظر انداز کریں گی، انہیں سفارتی سطح پر بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *