امریکہ اور صہیونی رژیم کے جال میں پھنسنے سے گریز کریں، عبدالملک الحوثی کا خطے کے ممالک کو انتباہ

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی مزاحمتی تحریک انصار اللہ کے رہنما سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے عید سعید غدیر خم اور روز ولایت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کے تمام سیاسی اور عوامی حلقوں کو امریکہ اور صہیونی حکومت کے جال میں پھنسنے سے بچنا چاہیے، کیونکہ واشنگٹن بعض قوتوں کو اسرائیل کے مفادات کے تحفظ کے لیے جنگ کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے۔

عبدالملک الحوثی نے کہا کہ عیدِ غدیر یمنی عوام کے دینی اور ایمانی ورثے کا اہم حصہ ہے اور یہ مناسبت نسل در نسل عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جاتی رہی ہے۔ ان کے بقول واقعۂ غدیر ایک مسلمہ تاریخی حقیقت ہے اور اس کی اہمیت اس لیے بھی ہے کہ یہ دین کی تکمیل اور نعمت الہی کے اتمام کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ روز ولایت امت مسلمہ کو عزت، آزادی اور طاغوتی قوتوں کی غلامی سے نجات کا درس دیتا ہے۔ غدیر کا پیغام امت کو بیرونی طاقتوں کی سیاسی اور فکری بالادستی قبول کرنے سے روکتا ہے اور اسلامی معاشروں کو خودمختاری اور وقار کی راہ دکھاتا ہے۔

انصار اللہ کے رہنما نے بعض علاقائی حکومتوں کی امریکی پالیسیوں پر انحصار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل امت مسلمہ پر اپنی سیاسی و فکری بالادستی قائم کرنا چاہتے ہیں۔ جو حکومتیں صہیونی اثر و رسوخ کو قبول نہیں کرتیں، انہیں دباؤ، جنگ اور سیاسی تنہائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

عبدالملک الحوثی نے فلسطین، لبنان، ایران اور یمن کے خلاف جاری کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انصار اللہ مزاحمت کے محور کے ساتھ مکمل رابطے اور ہم آہنگی میں ہے اور خطے میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ یمن ہر نئی صورتحال اور کشیدگی کے مرحلے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے خبردار کیا کہ امریکہ بعض علاقائی فریقوں کو ایک وسیع جنگ میں جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ صہیونی حکومت کے مفادات کا تحفظ کیا جاسکے۔ ایسی کسی مہم جوئی کا نتیجہ نقصان، ذلت اور سنگین نتائج کے سوا کچھ نہیں ہوگا، اس لیے تمام ممالک کو دانشمندی اور ہوشیاری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *