لبنان میں اسرائیلی فوجی بے بس بطخوں کی طرح ہیں، سابق اسرائیلی آرمی چیف

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی فوج کے سابق چیف آف اسٹاف دان حالوتس نے لبنان میں جاری فوجی مہم پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کو ایسے محاذ پر بھیجا جا رہا ہے جہاں وہ مؤثر تحفظ اور واضح اہداف کے بغیر خطرات کا سامنا کر رہے ہیں۔

ان کے بقول موجودہ حالات ایسے ہیں جیسے بطخوں کے ایک جھنڈ کو نشانہ بازی کے میدان میں چھوڑ دیا جائے، کیونکہ فوجی یہ نہیں جانتے کہ انہیں کن مقاصد کے حصول کے لیے اور کس حکمت عملی کے تحت لڑنا ہے۔

حالوتس نے قلعہ شقیف پر اسرائیلی کنٹرول کی اہمیت پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر اس کے پیچھے کوئی جامع اور واضح عسکری و سیاسی منصوبہ بندی موجود نہ ہو تو ایسے اقدامات بے معنی ہیں۔

انہوں نے فوجی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ سیاسی رہنماؤں کو صاف الفاظ میں بتائے کہ موجودہ پالیسی سے کوئی مثبت نتیجہ حاصل نہیں ہو رہا۔

سابق آرمی چیف نے اسرائیل کے اندرونی حالات پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مخالف فریق اپنی پوزیشن مضبوط کر رہے ہیں، جبکہ اسرائیل اندرونی اختلافات اور سیاسی کشمکش میں الجھ کر اپنی ہی قوت کو کمزور کر رہا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *