
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ ہرمزگان کے جزیرہ سیریک میں مواصلاتی ٹاور پر امریکی حملے کے بعد اس فضائی اڈے کو نشانہ بنایا جس کو امریکی فوج نے حملے کے لیے استعمال کیا تھا جبکہ مزید جارحیت کی صورت میں سخت تر جواب دینے کی تنبیہ بھی کی گئی ہے۔
سپاہ پاسداران انقلابِ اسلامی کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چند گھنٹے قبل امریکی فوج نے ہرمزگان کے جزیرہ سیریک میں واقع ایک مواصلاتی ٹاور کو نشانہ بنایا تھا۔ اس کارروائی کے جواب میں سپاہ کی ایرو اسپیس فورس کے جوانوں نے حملے کے مبدأ فضائی اڈے کے خلاف کارروائی کی۔
بیان کے مطابق اس جوابی حملے میں پہلے سے طے شدہ اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ آئندہ کسی بھی ممکنہ کشیدگی اور اس کے نتائج کی ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوگی۔
