ایران اپنے حقوق سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گا، قالیباف کا پاکستانی آرمی چیف سے ملاقات دوٹوک موقف

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ہفتے کے روز تہران میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی، جس میں جنگ کے خاتمے سے متعلق مذاکرات کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران محمد باقر قالیباف نے حالیہ جنگ اور اس کے بعد ہونے والے مذاکرات میں پاکستانی حکومت اور عوام کی حمایت اور اقدامات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون اسلامی ممالک کے درمیان مثبت اور مؤثر اشتراک کی بہترین مثال ہے، جو دیگر مسلم ممالک کے لیے بھی نمونہ بن سکتا ہے۔

ایران کے مذاکراتی وفد کے سربراہ نے امریکہ کے ساتھ بات چیت میں پاکستان کے مثبت کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے عوام اور ملک کے حقوق سے ہرگز دستبردار نہیں ہوگا، خاص طور پر ایسے فریق کے سامنے جس نے کبھی دیانت داری کا مظاہرہ نہیں کیا اور جس پر اعتماد ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے جس طرح میدان جنگ میں جرات اور طاقت کے ساتھ اپنے ملک کا دفاع کیا، اسی طرح سفارتی محاذ پر بھی قومی حقوق کے حصول اور ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے دانشمندی اور قوت کے ساتھ کوشش جاری رکھے گا۔

قالیباف نے جنرل عاصم منیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوجی افراد دوسروں سے زیادہ امن کی قدر جانتے ہیں، لیکن یہی فوجی کبھی بھی اپنے ملک کی عزت اور حقوق کو پامال نہیں ہونے دیتے۔

ایرانی اسپیکر نے امریکہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے مذاکرات کے دوران جنگ شروع کی اور اب اس کے خاتمے کے لیے دوبارہ مذاکرات کی بات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے دوران، جس میں پاکستان نے ثالثی کا کردار ادا کیا، امریکہ نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بحری ناکہ بندی نافذ کی اور اب اسے ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

قالیباف نے خبردار کیا کہ ایران کی مسلح افواج نے جنگ بندی کے دوران اپنی صلاحیتوں کو اس انداز میں بحال اور مضبوط کیا ہے کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوبارہ کوئی حماقت کی اور جنگ کا آغاز ہوا تو امریکہ کو پہلے دن کے مقابلے میں کہیں زیادہ سخت اور تلخ جواب ملے گا۔

اس موقع پر پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان کے وزیراعظم اور قومی اسمبلی و سینیٹ کے سربراہان کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام ایرانی اسپیکر تک پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ایرانی قوم کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمنائیں رکھتے ہیں۔

جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ وہ اور قالیباف دونوں اپنی اپنی قوم کے سپاہی ہیں اور سپاہی ہمیشہ صاف گوئی اور دیانت داری سے بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ایران اس وقت ایسی قیادت کے ہاتھ میں ہے جو دانشمند اور بلند وژن کی حامل ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *