[]
تل ابیب: اسرائیلی ڈیفنس فورسس(آئی ڈی ایف) نے آج اعلان کیا کہ اس کے فوجیوں نے غزہ میں حماس کے کئی سینئر کمانڈرس کو ہلاک کردیا ہے جنہوں نے 7 اکتوبر کے قتل عام میں حصہ لیا تھا۔
فوج نے کہا کہ کمانڈرس احمد موسیٰ اور امر الہندی‘عسکری گروپ نکبہ فورسس کا حصہ تھے۔موسیٰ‘ نکبہ کمپنی کا کمانڈر تھا جبکہ الہندی پلاٹون کمانڈر تھا۔ یہ دونوں جبالیہ علاقہ میں روپوش تھے۔
فوج نے بتایا کہ شن بیت سیکوریٹی ایجنسی سے موصولہ خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں ہلاک کیا گیا۔آئی ڈی ایف کے مطابق موسیٰ‘ حماس کے کمانڈرس میں شامل تھا جنہوں نے 7 اکتوبر کو زکم بیس اور اس علاقہ میں ایک اور فوجی چوکی کبوتز پر حملہ کیا تھا۔
فوج نے محمد کہلوت کو بھی ہلاک کردینے کا دعویٰ کیا جو شمالی غزہ بریگیڈ میں اسنائپر دستہ کا سربراہ تھا۔
علیحدہ اطلاع کے بموجب آئی ڈی ایف نے آج کہا کہ اس نے حماس کے سرکردہ لیڈر یحییٰ سنوار کے بھائی محمد سنوار کے دفتر پر دھاوا کیا اور ہتھیار ضبط کرلئے۔
آئی ڈی ایف نے بتایا کہ ایلیٹ 7 بکتربند بریگیڈ نے محمد سنوار کے دفتر پر دھاوا کیا اور ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ حماس کے کئی ورقیے ضبط کرلئے۔
آئی ڈی ایف نے شہری رہائشی علاقہ کے وسط میں حماس کی ایک فوجی چوکی پر بھی دھاوا کیا اور وہاں سے کئی ہتھیار‘ مزائل‘ ڈرونس‘ میاپس‘ مارٹرس اور تکنیکی آلات ضبط کرلئے۔