
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی سینئر سینیٹر برنی سینڈرز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جنگی پالیسیوں پر شدید تنقید کی ہے۔
ریاست ورمونٹ سے تعلق رکھنے والے سینیٹر نے لکھا کہ امریکہ کو سیکڑوں نئے اسپتالوں اور طبی مراکز کی ضرورت ہے، جبکہ ہزاروں نئے بچوں کی نگہداشت کے مراکز بھی قائم کیے جانے چاہئیں۔
برنی سینڈرز نے مزید کہا کہ ملک کو لاکھوں نئے اور سستے رہائشی یونٹس کی ضرورت ہے، نہ کہ فوج اور نہ ختم ہونے والی جنگوں پر مزید 500 ارب ڈالر خرچ کرنے کی۔
انہوں نے یاد دلایا کہ اس سے قبل بھی وہ واضح کر چکے ہیں کہ ٹرمپ پہلے سے جاری ایک کھرب ڈالر کے فوجی اخراجات کے علاوہ مزید 500 ارب ڈالر فوج کے لیے مختص کرنا چاہتے ہیں۔
سینڈرز کے مطابق، ٹرمپ یہ اضافی رقم صحت کی سہولیات، بچوں کی نگہداشت اور محنت کش طبقے کی دیگر بنیادی ضروریات میں کٹوتی کر کے حاصل کرنا چاہتے ہیں، جو مکمل طور پر دیوانگی ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ امریکہ کو اپنے عوام پر سرمایہ کاری کرنی چاہیے، نہ کہ مزید بموں اور ہتھیاروں پر۔
