
سعودی عرب کے شہر دمام میں مقیم بھارتی طالب علم عبدالخالق محمد ولد محمد عبدالقیوم نے باکسنگ کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرکے نہ صرف اپنے والدین بلکہ پورے بھارتی اور غیر مقیم ہندوستانی برادری کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ عبدالخالق اس وقت 12ویں جماعت کے طالب علم ہیں اور ان کا تعلق بھارت کے تاریخی شہر حیدراباد سے ہے۔
کم عمری میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عبدالخالق نے باکسنگ مقابلوں میں اپنی بہترین صلاحیتوں، محنت اور جذبے کے ذریعے کامیابی حاصل کی۔ ان کی یہ جیت اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارتی بچے بیرونِ ممالک میں تعلیم، کھیل اور دیگر شعبوں میں مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔
اس خصوصی موقع پر اردو لیکس کے نمائندہ سعودی عرب باسط ابو ماس نے مقابلے کے دوران خصوصی انٹرویو کیا، جس میں عبدالخالق نے اپنی کامیابی، محنت، مستقبل کے عزائم اور والدین کی حوصلہ افزائی کے بارے میں گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل میں بین الاقوامی سطح پر بھارت کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں اور ملک کا نام مزید روشن کرنا ان کا خواب ہے۔
عبدالخالق کی اس کامیابی پر سعودی عرب میں مقیم ہندوستانی کمیونٹی نے خوشی کا اظہار کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ کھیلوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کی ایسی کامیابیاں آنے والی نسل کے لیے حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنتی ہیں۔
