امریکی جنگی جہازوں میں آبنائے ہرمز کے قریب آنے کی بھی ہمت نہیں، ایرانی چیف جسٹس

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی عدلیہ کے سربراہ حجت الاسلام محسنی اژه‌ای نے ایڈمرل تنگسیری کے چہلم کے موقع پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ امریکی بحری بیڑے اب آبنائے ہرمز کے قریب آنے کی بھی جرات نہیں رکھتے اور امریکہ کے خطے میں تسلط کے تمام منصوبے خاک میں مل چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، حجت الاسلام محسنی اژه‌ای نے اپنے پیغام میں شہید ایڈمرل پاسدار تنگسیری کو آبنائے ہرمز کے نئے نظم کا معمار اور خلیج فارس کا علمبردار قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس عظیم شہید کی قربانیاں اور کردار، خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں ایران کی موجودہ طاقت و اقتدار کے قیام میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے، جو آٹھ سالہ دفاع مقدس سے لے کر چالیس روزہ جنگ تک نمایاں رہا ہے۔

انہوں نے ایڈمرل تنگسیری کو رئیسعلی دلواری اور نادر مهدوی جیسے بہادر ایرانی مجاہدین کی نسل سے قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ مردانِ میدان تھے جو ایمان، شجاعت اور وطن سے محبت کے ساتھ ایران کی سرزمین کے محافظ رہے اور ان کے نام ہمیشہ خلیج فارس کے افق پر روشن رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج امریکہ کی آبنائے ہرمز پر تسلط قائم کرنے کی تمام سازشیں ناکام ہوچکی ہیں اور اس کے جنگی جہاز اس آبی گزرگاہ کے قریب آنے کی بھی ہمت نہیں رکھتے۔ یہ کامیابی ایسے ہی دلیر اور با تدبیر کمانڈروں کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے جنہوں نے اپنے پاک خون سے ایران کی بحری طاقت کی سند پر مہر ثبت کی۔

چیف جسٹس نے تاکید کی کہ ایران اسلامی نے بین الاقوامی آبی راستوں اور اسٹریٹجک آبناؤں کے انتظام میں ایک نیا نظام قائم کیا ہے اور امریکہ کی مداخلت پسند اور لوٹ مار پر مبنی پالیسیوں کو کھلے چیلنج سے دوچار کر دیا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *