
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے مذاکرات کے حوالے سے کہا ہے کہ ہم اس وقت امریکی تجویز کا جائزہ لے رہے ہیں اور جب حتمی نتیجے پر پہنچیں گے تو ضرور اعلان کریں گے۔
انہوں نے شہید لاریجانی کی یاد میں منعقدہ تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ شب ہونے والی کارروائی بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور جنگ بندی کی خلاف ورزی تھی، تاہم ملک کے دفاع کرنے والوں نے دشمن کو بڑا جواب دیا اور پوری قوت کے ساتھ اس کی جارحیت کو ناکام بنایا۔
بقائی نے کہا کہ اگرچہ اس وقت بظاہر جنگ بندی کی صورتحال ہے، لیکن ہماری مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور مسلسل حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں، اور جہاں بھی ضرورت پڑی وہ کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کا بھرپور جواب دیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کی شرارت کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔
انہوں نے مذاکرات کے حوالے سے دوبارہ کہا کہ اس معاملے کا جائزہ جاری ہے اور جیسے ہی کوئی حتمی فیصلہ ہوگا، اسے عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
