
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عبرانی میڈیا نے صہیونی فوج کے اعلی افسران کے حوالے سے کہا ہے کہ حزب اللہ نے وسیع پیمانے پر حملوں کے باوجود اپنی عسکری صلاحیت دوبارہ مضبوط کر لی ہے۔
صہیونی اخبار ہارٹز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں تعینات صہیونی افسران تسلیم کرتے ہیں کہ حزب اللہ کے جنگجو نہ صرف سرگرم ہیں بلکہ وہ مسلسل صہیونی فوج کے خلاف کارروائیاں بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صہیونی افسران نے بتایا کہ سرکاری دعوؤں کے برعکس حزب اللہ نے اپنی طاقت دوبارہ منظم کر لی ہے اور اسے تل ابیب کے ساتھ لڑائی میں کسی قسم کا خوف نہیں۔
ان افسران نے یہ بھی کہا کہ جنوبی لبنان کے بعض دیہات میں صہیونی فوج اور لبنانی مجاہدین کے درمیان براہ راست جھڑپیں بھی ہوئی ہیں، جہاں حزب اللہ کے جنگجو قریب آکر قریبی لڑائی کی کوشش کرتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حزب اللہ ایک منظم عسکری منصوبہ بندی کے تحت کارروائی کرتی ہے، جس میں چوکیوں، گشتی ٹیموں اور ٹینک کے دستوں پر حملہ کیا جاتا ہے۔
اسی دوران گزشتہ روز حزب اللہ نے دعویٰ کیا کہ اس نے گذشتہ روز ہونے والی کارروائیوں میں آٹھ فوجی گاڑیوں اور ایک ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا۔
