نتن یاہو کے دعوے بے بنیاد؛ فوج حماس اور حزب اللہ کے سامنے ناکام ہورہی ہے، نفتالی بینٹ

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سابق صہیونی وزیر اعظم نفتالی بنٹ نے کہا ہے کہ تل ابیب حماس اور حزب اللہ لبنان کو ختم کرنے میں ناکام رہا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حکومت ان دونوں تنظیموں کو ختم کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی اور اسرائیلی عوام اس کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔

بنٹ نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں رہنے والے شہری واضح اور فیصلہ کن نتیجہ چاہتے ہیں اور بار بار ہونے والی جھڑپوں کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ فوج نے کچھ فوجی کامیابیاں ضرور حاصل کی ہیں، لیکن حکومت حماس اور حزب اللہ کو ختم کرنے میں ناکام رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ جنوبی لبنان میں اپنی پوزیشن مضبوط اور اپنی صلاحیت میں اضافہ کر رہی ہے، جبکہ ایران نے ایک متحدہ محاذ برقرار رکھا ہوا ہے۔ ان کے مطابق وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی حکومت عوام کی توقعات پر پوری نہیں اتر سکی۔

بنٹ نے دعوی کیا کہ حماس نے دوبارہ غزہ پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور تقریبا 30 ہزار جنگجو متحرک کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے، جبکہ اسے روزانہ بڑی مقدار میں امداد بھی مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے وہ دعوے کہ دشمن کو پتھر کے زمانے میں واپس بھیج دیا جائے گا، اب قابل یقین نہیں رہے۔

سابق صہیونی وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیلی عوام صرف بیانات سے تنگ آچکے ہیں اور اصلاحات کے لیے حکومت کی تبدیلی چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق اسرائیلی عوام ایسی قیادت کے مستحق ہیں جو واقعی کامیابی حاصل کرنا جانتی ہو۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *