کریم نگر میں فلمی انداز کی ڈکیتی میں 5 افراد ملوث – 30 راونڈ فائرنگ – زخمی ملازمین میں ایک کی حالت تشویشناک – دن دھاڑے واردات سے شہریوں میں تشویش

کریم نگر:  تلنگانہ کے کریم نگر شہر میں فائرنگ کے ساتھ زبردست سنسنی پھیل گئی جب نامعلوم مسلح افراد نے ایک جیولری شاپ میں گھس کر اندھا دھند گولیاں چلائیں اور بھاری مقدار میں زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔ یہ واقعہ مقامی سطح پر شدید خوف و ہراس کا باعث بنا ہے۔

 

اطلاعات کے مطابق اتوار کی صبح تقریباً 10 بجے جیوتی نگر میں واقع پی ایم جے جیولری شاپ  کے ملازمین دکان کھول کر لاکر سے زیورات نکال کر ڈسپلے میں رکھ رہے تھے۔ اسی دوران دو بائکوں پر سوار 5مسلح افراد دکان میں داخل ہوئے۔ جب عملے نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو ملزمین نے فائرنگ شروع کردی۔ اس واقعہ میں ایک ملازم کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ دیگر تین شدید زخمی ہوئے ہیں۔

 

فائرنگ کے بعد ملزمین دکان سے قیمتی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزمین نے تقریباً 30 راؤنڈ فائرنگ کی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کلوز ٹیم کو طلب کیا گیا۔ دکان میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔

 

پولیس کو شبہ ہے کہ یہ واردات کسی بین الریاستی گینگ کا کام ہوسکتی ہے۔ یہ بھی جانچ کی جا رہی ہے کہ آیا ملزمین نے پہلے سے ریکی کی تھی یا اچانک واردات انجام دی، اور کیا اس میں کسی مقامی شخص کی مدد شامل ہے۔ پولیس کمشنر بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔

 

دن دہاڑے مصروف علاقے میں پیش آئے اس سنسنی خیز واقعہ نے کریم نگر میں ہلچل مچا دی ہے۔ لوٹے گئے زیورات کی مالیت کا ابھی تک اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *