وزیر سیاحت دھرمیندر سنگھ لودھی نے کہا کہ ’’حکومت نے فوری طور پر انکوائری کے احکامات دے دیے ہیں۔ ایک ہفتے کے اندر تحقیقاتی رپورٹ سامنے آ جائے گی، جس کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔‘‘


i
مدھیہ پردیش کے ضلع جبل پور میں واقع برگی ڈیم میں کروز حادثے میں اب تک 13 افراد کی لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں، جبکہ کروز میں تقریباً 40 سے 41 افراد سوار بتائے جا رہے تھے۔ واقعے کے بعد سے ہی ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے اور انتظامیہ پوری طاقت کے ساتھ امدادی کاموں میں جٹی ہوئی ہے۔
اس حادثے کے متعلق ریاست کے محکمہ ثقافت و سیاحت کے وزیر دھرمیندر سنگھ لودھی نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے آئی اے این ایس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی تکلیف دہ اور افسوسناک ہے۔ میں اس ذریعے سے تمام مرحومین کی روحوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں اور بھگوان سے دعا کرتا ہوں کہ وہ انہیں اپنے ’چرنوں‘ میں جگہ دیں اور ان کے لواحقین کو یہ دکھ سہنے کی طاقت عطا فرمائیں۔
ریاستی وزیر نے بتایا کہ جیسے ہی واقعے کی اطلاع ملی، انتظامیہ فوری طور پر متحرک ہوگئی۔ ہم شروع سے ہی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے تھے اور ریسکیو آپریشن کے حوالے سے پوری طرح فکر مند اور سرگرم رہے۔ جن لوگوں کو بچایا جا سکتا تھا، انہیں بحفاظت باہر نکال لیا گیا، لیکن بدقسمتی سے 13 افراد کی جان نہیں بچائی جا سکی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاستی حکومت اس پورے واقعے کے حوالے سے نہایت سنجیدہ ہے اور مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے۔
وزیر دھرمیندر سنگھ لودھی نے مزید کہا کہ ’’وزیر اعلیٰ موہن یادو خود اس واقعے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ میں خود رات تقریباً 8 بجے جائے وقوعہ پر پہنچ گیا تھا۔ میرے پہنچنے سے پہلے وزیر راکیش سنگھ بھی وہاں پہنچ چکے تھے۔ ہم سب پوری رات موقع پر موجود رہے، تاکہ ریسکیو آپریشن میں کسی قسم کی کوئی کمی نہ رہ جائے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ اس دوران مقامی رکن اسمبلی اور دیگر عوامی نمائندے بھی موقع پر پہنچے اور سب نے مل کر متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ انتظامیہ اور عوامی نمائندوں نے مل کر یہ یقینی بنانے کی کوشش کی کہ امدادی اور بچاؤ کا کام پوری سنجیدگی اور حساسیت کے ساتھ کیا جائے۔
واقعے کی تحقیقات کے حوالے سے وزیر سیاحت نے کہا کہ حکومت نے فوری طور پر انکوائری کے احکامات دے دیے ہیں۔ ایک ہفتے کے اندر تحقیقاتی رپورٹ سامنے آ جائے گی، جس کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ ابتدائی طور پر جن لوگوں کی لاپرواہی سامنے آئی ہے، ان کے خلاف تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے ہی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس بات کو لے کر انتہائی سنجیدہ اور حساس ہے کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
