دہلی کی ایک عمارت میں آگ لگنے سے 9 افراد کی موت – اے سی پھٹ جانے سے پیش آیا حادثہ

نئی دہلی کے ویویک وہار علاقے میں ایک چار منزلہ عمارت میں خوفناک آگ لگنے سے کم از کم 9 افراد زندہ جل کر ہلاک ہو گئے اور 2 زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ اتوار کی علی الصبح تقریباً 4 بجے پیش آیا۔

 

اطلاعات کے مطابق آگ عمارت کی دوسری منزل پر اے سی پھٹ جانے سے لگی، جس کے بعد 14 فائر ٹینڈرز فوری طور پر موقع پر پہنچائے گئے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ تاہم دیکھتے ہی دیکھتے آگ تیسری اور چوتھی منزل تک پھیل گئی۔ ویویک وہار مشرقی دہلی کا ایک اہم اور مصروف علاقہ ہے۔

 

حکام کے مطابق عمارت سے ایک درجن سے زائد افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ زخمیوں کو علاج کے لیے گورو تیگ بہادر ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے۔ تقریباً دو گھنٹے کی کوششوں کے بعد صبح 6 بجے آگ پر قابو پا لیا گیا۔

 

ڈپٹی کمشنر آف پولیس شاہدرہ، راجندر پرساد مینا کے مطابق صبح 4 بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی جس کے بعد فائر بریگیڈ اور پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ آگ بجھانے کے بعد سرچ آپریشن بھی کیا گیا اور تمام لاشیں برآمد کر کے پولیس کرائم ٹیم کے حوالے کر دی گئیں۔

 

آگ لگنے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی، تاہم بعض رہائشیوں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ایئر کنڈیشنر (AC) پھٹنے سے آگ بھڑکی۔ ایک رہائشی کے مطابق تقریباً 12 سے 15 افراد کو بچا لیا گیا جبکہ 4 سے 5 افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں۔

 

ایک اور رہائشی نے بتایا کہ فائر بریگیڈ نے بالکونی کے ذریعے تقریباً 20 افراد کو ریسکیو کیا، تاہم کچھ افراد اب بھی عمارت کے اندر پھنسے ہوئے تھے۔ ممکنہ طور پر ایک یا دو خاندان ابھی بھی عمارت کے اندر موجود تھے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *