
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران اور روس کے درمیان اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں پرامن جوہری توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشاورت کی اور دونوں ممالک کے ایٹمی اداروں کے درمیان سائنسی، فنی اور تکنیکی تبادلے پر گفتگو کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق، روس کی سرکاری جوہری کمپنی روس ایٹم کے بین الاقوامی امور کے نائب ڈائریکٹر جنرل نکولائی اسپاسکی نے ماسکو میں ایرانی سفارت خانے میں روس میں ایران کے سفیر کاظم جلالی سے ملاقات کی۔ جس میں ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم اور روس اٹام کے درمیان جاری تعاون اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں خاص طور پر ایران کے جنوبی شہر میں واقع بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ میں جاری مشترکہ منصوبوں پر گفتگو کی گئی، جہاں دونوں ممالک کئی برسوں سے تکنیکی اور عملی تعاون کر رہے ہیں۔
فریقین نے روس ایٹم اور ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے درمیان جاری اشتراک کو پرامن جوہری توانائی کے میدان میں کامیاب اور مؤثر شراکت داری کی ایک مثال اور تعاون پائیدار ترقی، توانائی کے وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال، ماحول کے تحفظ اور توانائی سلامتی کے اہداف کے مطابق قرار دیا۔
