
اردو میڈیا کو منڈل سطح پر کارڈس جاری کرنے کا مطالبہ اسپیشل کمشنر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ مکندر ریڈی سے ٹی یو ڈبلیو جے یو کے ذمہ داران کی خیرسگالی ملاقات

حیدرآباد 30 اپریل (پریس نوٹ) تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کے وفد نے ریاستی صدر ڈاکٹر خواجہ محمد شجاع الدین افتخاری کی قیادت میں نئے کمشنر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ مکندر ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی اور ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر وفد نے صحافتی برادری کو درپیش اہم مسائل اور مطالبات کو تفصیل کے ساتھ پیش کیا۔ وفد نے اردو صحافت کے فروغ کے پیش نظر مطالبہ کیا کہ اردو کے بڑے اخبارات کو منڈل سطح پر بھی اکریڈیٹیشن کارڈس جاری کئے جائیں، تاکہ مقامی سطح پر خدمات انجام دینے والے صحافیوں کو سرکاری سطح پر تسلیم کیا جاسکے اور انہیں ضروری بنیادی سہولتیں حاصل ہوسکیں۔ اس کے علاوہ چھوٹے اخبارات کو سابق کی طرح مسلسل سرکاری اشتہارات جاری کرنے اور ان کے تمام بقایا جات کو جلد از جلد ادا کرنے کا بھی پرزور مطالبہ کیا گیا۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ تمام اخبارات کے ساتھ بلاتفریق زبان یکساں سلوک کیا جائے اور اردو صحافت کو بھی دیگر زبانوں کے برابر اہمیت دی جائے۔ وفد نے کہا کہ اردو اخبارات عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں
، اس لئے ان کی سرپرستی ناگزیر ہے۔ اسی دوران ایک اور اہم مسئلہ اٹھاتے ہوئے وفد نے کہا کہ اے بی سی (Audit Bureau of Circulations) سرٹیفکٹ کے لزوم میں پائی جانے والی غیر مساوات کو ختم کیا جائے۔ یا تو اس شرط کو تمام زبانوں کے اخبارات پر یکساں طور پر نافذ کیا جائے، یا پھر مکمل طور پر اس لزوم کو برخواست کیا جائے تاکہ کسی بھی زبان کے اخبار کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔
کمشنر مکندر ریڈی نے وفد کی جانب سے پیش کردہ تمام نکات کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے مناسب اقدامات کئے جائیں گے تاکہ صحافتی برادری کو درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن ہوسکے۔اس وفد میں یونین کے سرپرست ڈاکٹر ساجد معراج، ریاستی سکریٹری جنرل محمد رئیس الدین، ریاستی نائب صدر ایڈوکیٹ جمال شریف، جنگاؤں کے صدر عابد فیصل، نعیم الدین اور عبدالمنان رضی شامل تھے۔
