
بنگلورو:بنگلور وکے ایک کرائے کے فلیٹ میں پڑوسیوں کی جانب سے بدبو کی شکایت کے بعد پولیس نے پوجا دتہ نامی خاتون کی مسخ شدہ نعش برآمد کر لی۔ پوسٹ مارٹم کے ذریعے موت کی اصل وجہ کا تعین کیا جائے گا
جبکہ تفتیشی حکام خودکشی اور قتل دونوں پہلوؤں سے تحققات کررہے ہیں۔پولیس نے منگل کو بتایا کہ بنگلور وکے ایک فلیٹ سے 34 سالہ خاتون کی نعش ملی ہے جو کہ کافی مسخ شدہ حالت میں تھی۔ متوفیہ کی شناخت پوجا دتہ کے طورپر ہوئی ہے جن کا تعلق جھارکھنڈ کے شہر دھنباد سے تھا۔
انہوں نے حال ہی میں ایک خانگی کمپنی سے اپنی ملازمت چھوڑی تھی اور فی الحال بے روزگار تھیں۔یہ واقعہ پیر کے روز اس وقت سامنے آیا جب پڑوسیوں نے گھر سے آنے والی شدید بدبو کے بارے میں حکام کو مطلع کیا۔ پولیس ٹیم نے جب دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئی تو خاتون کی برہنہ نعش خون میں لت پت اور مسخ شدہ حالت میں پائی گئی۔
پولیس کے مطابق خاتون کی موت دو سے تین دن پہلے ہوئی ہو گی۔ ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے اندر سے دروازہ بند کر کے خودکشی کی ہے تاہم پولیس ہر زاویے سے تفتیش کر رہی ہے تاکہ کسی ممکنہ مجرمانہ کارروائی کے پہلو کو بھی دیکھا جا سکے۔ایک سینیئر پولیس افسر نے بتایا ” نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم ہو سکے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی تصدیق ہو سکے گی کہ یہ خودکشی تھی یا قتل۔”پولیس کے مطابق پوجا دتہ گزشتہ تین سال سے اس کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھیں۔ انہیں آخری بار 23 اپریل کو گروسری (سودا سلف) خریدنے کے لیے باہر نکلتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
پولیس نے غیر فطری موت کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
