مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کے ردعمل میں ایک کارروائی انجام دی ہے۔
ذرائع کے مطابق حزب اللہ کے جنگجوؤں نے ایک خودکش ڈرون کے ذریعے جنوبی لبنان کے علاقے الطیبہ میں اسرائیلی فوجیوں کے اجتماع کو نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق یہ حملہ کامیاب رہا اور اس کے نتیجے میں اسرائیلی فوجیوں کو جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا نے بھی جنوبی لبنان میں ایک بڑے سکیورٹی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمی فوجیوں کو زیو اور رامبام اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے فوج کو جنوبی لبنان میں حملے تیز کرنے کی ہدایت دی تھی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیل پر جنگ بندی کے آغاز سے ہی اس کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
