نتن یاہو کی پالیسیوں کی وجہ سے امریکہ میں اسرائیل کے بارے میں سوچ بدل رہی ہے، فنانشل ٹائمز

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، برطانوی اخبار فائنینشل ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکہ میں عوامی رائے اور سیاسی اشرافیہ، خصوصا نوجوان نسل اور ڈیموکریٹ پارٹی کے حلقوں میں، صہیونی حکومت کے بارے میں سوچ میں نمایاں تبدیلی آرہی ہے۔

اخبار نے لکھا ہے کہ نیتن یاہو کی قیادت میں اسرائیلی حکومت کے بارے میں امریکی عوام کی رائے پہلے کی نسبت زیادہ منفی ہوتی جا رہی ہے اور یہ رجحان خاص طور پر نئی نسل میں زیادہ واضح ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مختلف سروے نتائج کے مطابق اب اکثریت امریکی شہری اسرائیل کے بارے میں منفی نظر رکھتے ہیں، جبکہ نوجوانوں میں یہ تناسب مزید بڑھ گیا ہے۔ 18 سے 29 سال کی عمر کے امریکیوں میں سے تقریباً تین چوتھائی افراد اسرائیلیوں کے مقابلے میں فلسطینیوں کے ساتھ زیادہ ہمدردی رکھتے ہیں۔

فائنینشل ٹائمز نے اسے امریکی نئی نسل میں ایک بڑی تبدیلی قرار دیا ہے جو آنے والے وقت میں مزید گہری ہوسکتی ہے۔ اسرائیل کو اب بہت سے امریکی شہری ایک ایسے ملک کے طور پر دیکھتے ہیں جو فوجی جارحیت اور تشدد پر مبنی اقدامات کے ذریعے پہچانا جاتا ہے، جس نے اس کی عالمی اور امریکی سطح پر ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔

فائنینشل ٹائمز کے مطابق اس تبدیلی کے سیاسی اثرات بھی سامنے آسکتے ہیں اور مستقبل میں واشنگٹن اور تل ابیب کے تعلقات مزید کشیدہ ہونے کا امکان ہے، خاص طور پر اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے لیے کسی معاہدے کی طرف جائیں۔

اخبار نے لکھا کہ ایران کے خلاف امریکی حملے میں نیتن یاہو کے اثر و رسوخ کو واضح طور پر محسوس کیا گیا، اگرچہ حتمی فیصلہ ٹرمپ نے کیا ہو۔ اس صورتحال نے امریکہ میں اسرائیل کے خلاف تنقید کو بڑھایا اور اسرائیل نواز لابی گروپس کے کردار پر بحث کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ تبدیلی اب ڈیموکریٹ پارٹی میں بھی واضح طور پر نظر آنے لگی ہے، یہاں تک کہ حال ہی میں 47 میں سے 40 ڈیموکریٹ سینیٹرز نے اسرائیل کو اسلحہ کی فروخت روکنے کے حق میں ووٹ دیا، جو چند سال پہلے ناقابل تصور سمجھا جاتا تھا۔

اخبار کے مطابق بعض سیاستدانوں نے یہاں تک تجویز دی ہے کہ اگر تل ابیب جنگی قوانین کی خلاف ورزی کرے تو اس پر پابندیاں عائد کی جائیں۔

فائنینشل ٹائمز نے نتیجہ اخذ کیا کہ نیتن یاہو اب ایک پیچیدہ سیاسی بحران سے دوچار ہیں کیونکہ امریکہ کی مجموعی پالیسی کی سمت تبدیل ہورہی ہے، اور امریکہ و اسرائیل کا پرانا اور مضبوط تعلق مستقبل میں مزید غیر یقینی اور چیلنجنگ ہوسکتا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *