کولمبیا ضلع کے لیے یو ایس ڈسٹرکٹ کورٹ میں دائر مقدمے میں 250 ملین ڈالر ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ میگزین نے ایف بی آئی کے ذریعہ کی گئی تردید کو نظر انداز کر دیا۔


i
امریکہ کی انٹیلی جنس ایجنسی ایف بی آئی کے ڈائرکٹر کاش پٹیل نے ایک مضمون شائع ہونے کے بعد ’دی اٹلانٹک‘ میگزین اور اس کی رپورٹر سارا فٹز پیٹرک کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ مذکورہ مضمون میں الزام لگایا گیا ہے کہ ڈائرکٹر کو شراب پینے کی عادت ہے جس کی وجہ سے قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ میگزین کی متنازعہ اسٹوری کا عنوان ’کاش پٹیل کا مستقل غیر اخلاقی رویہ ان کی نوکری پر بُرا اثر ڈال سکتا ہے‘ تھا۔ مضمون میں 2 درجن سے زائد ایسے نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیا گیا تھا جنہوں نے کاش پٹیل کے ’صاف طور پر نشے میں ہونے اور بغیر وجہ غیر حاضر رہنے‘ پر تشویش ظاہر کی گئی تھی۔
خبروں کے مطابق ان الزامات سے ایف بی آئی اور محکمہ انصاف کے افسران بھی حیران رہ گئے۔ میگزین کے بعد اس مضمون کی سرخی کو آن لائن ’دی ایف بی آئی ڈائرکٹر از ایم آئی اے‘ نشر کر دیا گیا جس میں یہ بتایا گیا کہ پٹیل کی مدت کار کے دوران ایف بی آئی کے ابتدائی اجلاس از سر نو طے کرنے پڑے کیونکہ وہ رات میں شراب پیتے تھے اور اکثر باہر رہتے تھے یا ان سے رابطہ نہیں ہو پاتا تھا۔ اس سے کیس کو آگے بڑھانے کے لیے ضروری کارروائی سے متعلق فیصلوں میں تاخیر ہوتی تھی۔
’دی اٹلانٹک‘ کی رپورٹ میں کئے گئے دعووں پر وائٹ ہاؤس، محکمہ انصاف اور کاش پٹیل نے بیان جاری کر کے تمام الزامات کو یکسر مسترد کر دیا۔ اس رپورٹ میں ایف بی آئی کی طرف سے ایک بیان بھی شامل تھا جس میں کاش پٹیل کا حوالہ دیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ ’’اسے چھاپ دو، سب جھوٹ ہے، میں تم سے کورٹ میں ملوں گا، اپنی چیک بُک ساتھ لانا‘‘۔ کاش پٹیل نے خبر ساں ایجنسی رائٹرز کو دیئے گئے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’’اٹلانٹک کی یہ رپورٹ جھوٹ ہے، اسے شائع کرنے سے پہلے انہیں سچائی بتا دی گئی تھی، لیکن پھر بھی انہوں نے جھوٹ شائع کرنے کا ہی انتخاب کیا‘‘۔
’دی اٹلانٹک‘ کے ایڈیٹر ان چیف جیفری گولڈ برگ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم کاش پٹیل سے متعلق اپنی رپورٹنگ پر قائم ہیں۔ اس دوران کاش پٹیل کی شکایت میں کہا گیا ہے کہ ’’اٹلانٹک ایف بی آئی کی قیادت کی تنقید کرنے کے لیے آزاد ہے لیکن انہوں نے تب قانونی حدیں پار کر دیں جب ایک ایسا مضمون شائع کیا جو ’جھوٹے اور صاف طور پر منمانے الزامات‘ سے بھرا تھا۔‘‘
اس سلسلے میں کولمبیا ضلع کے لیے یو ایس ڈسٹرکٹ کورٹ میں دائر اس مقدمے میں 250 ملین ڈالر کے ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ اٹلانٹک میگزین نے ایف بی آئی کے ذریعہ کی گئی تردید کو نظر انداز کر دیا اور پٹیل کے وکیل جے سی بننل کی جانب سے جمعہ کو سینئر ایڈیٹرس اور ’دی اٹلانٹک‘ کے قانونی محکمہ کو لکھے گئے خط کا جواب نہیں دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
