[]
چینائی: ٹاملناڈو کے جنوبی تھوتھکوڈی ضلع میں والدین کی مرضی کے خلاف شادی کرنے والے ایک نوبیاہتا جوڑے کو شادی کے تین دن بعد جمعرات کو چھ رکنی گروہ نے قتل کر دیا۔
پولیس نے بتایا کہ جوڑے کی شناخت وی ماریسیلوم (24) اور ایم کارتھیگا (20) کے طور پر کی گئی ہے، دونوں کا تعلق ایک ہی برادری سے تھا اور وہ رشتہ محبت میں تھے۔ لڑکی کے گھر والے اس کے خلاف تھے جس کی وجہ سے وہ 30 اکتوبر کو مارسیلوم کے ساتھ کوول پٹی گئی تھی۔ انہوں نے اسی دن سب رجسٹرار آفس میں شادی کرلی اور بدھ تک کوول پٹی میں رہے۔
انہوں نے بتایا کہ کل جب ماریسیلوم کارتھیگا کو لے کر مروگیسن نگر میں اپنے گھر پہنچا تو اس کے والدین نے ان کی شادی کو قبول کرلیا۔ جب اس کے والدین کام پر گئے ہوئے تھے تو شام کے وقت تین موٹر سائیکلوں پرآئے چھ رکنی گینگ نے ان کے گھر میں گھس کر جوڑے کو قتل کردیا اورموقع سے فرار ہو گئے۔
سینئر پولیس افسران نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے تھوتھکوڈی گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال بھیج دیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس گھناؤنے قتل میں لڑکی کے اہل خانہ ملوث ہوسکتے ہیں۔ واقعے سے علاقے میں سوگ کی لہر ہے اور کشیدگی کے پیش نظر سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ ایل بالاجی سرونن نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور کہا کہ مجرموں کو پکڑنے کے لیے تین خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔