
اپریل اور مئی میں دو حیدرآباد ایجوکیشن ایکسپو
تعلیمی اداروں، این جی اوز اور طلبہ کے لئے مشترکہ پلیٹ فارم کی فراہمی
حیدرآباد۔2/اپریل۔تیسرا حیدرآباد ایجوکیشن ایکسپو 2026، 25 اور 26اپریل کو ELITE فنکشن ہال سعید آباد میں منعقد ہوگا۔ جبکہ چوتھا حیدرآباد ایجوکیشن ایکسپو، 9 اور 10 مئی کو کنگس کنونشن گڈی ملکاپور مہدی پٹم میں منعقد ہوگا۔
جناب اعجاز احمد نے 2 اپریل کو میڈیا پلس آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبد اللطیف، عبد البصیر، محمد احتشام الدین، شیخ صادق اور شیخ جمیل احمد (ٹمریز) موجود تھے۔ جناب اعجاز احمد نے بتایا کہ گزشتہ سال ایجوکیشن ایکسپو کے کامیاب انعقاد سے نہ صرف تعلیمی اداروں نے بلکہ ہزاروں طلبہ نے استفادہ کیا۔
اس مرتبہ پہلی بار ایجوکیشن ایکسپو کو آرٹی فیشل انٹلی جنس سے مربوط کیا گیا ہے۔ سعید آباد میں اپریل میں منعقد ہونے والے ایکسپو میں 80 تعلیمی اداروں، این جی اوز، اور اسکل ڈیولپمنٹ اداروں اسٹالس ہوں گے اور کم از کم دس ہزار افراد اس سے استفادہ کریں گے۔ جبکہ مئی میں منعقد ہونے والے ایکسپو میں 150اسٹالس ہوں گے اور بیس ہزار سے زائد افراد فیضیاب ہوں گے۔ ان ایجوکیشن ایکسپو کے انعقاد کا مقصد تعلیمی اداروں، این جی اوز، ٹمریز، مانو جیسے اداروں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ تاکہ کورسس اور تعلیمی اداروں کے انتخاب کے مواقع فراہم کئے جاسکیں۔ اعجاز احمد نے بتایا کہ پہلی بار ایجوکیشن ایکسپو کے ذریعہ اردو زبان، تعلیم اور تہذیب کے فروغ کے لئے نہ صرف ایک پلیٹ فارم مہیا کیا جائے گا بلکہ اردو تہذیبی ثقافتی پروگرام جن میں مشاعرہ بھی شامل ہے منعقد کئے
جائیں گے۔ اس سلسلہ میں کئی اردو انجمنوں سے رابطہ قائم کیا جارہا ہے۔ ایکسپو کے دوران 12 خصوصی پروگرامس منعقد ہوں گے۔ جن میں شخصیت سازی، کردار سازی، خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے اقدامات اور اے آئی کے تعلیم پر اثرات پر خصوصی لکچرس شامل ہیں۔ اعجاز احمد نے تعلیمی اداروں، کنسلٹیز، این جی اوز سے خواہش کی ہے کہ وہ ان دونوں ایکسپو میں حصہ لیں۔
