کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد صحت اور تعلیم کا قانون بنایاجائے گا: نانا پٹولے

[]

ناناپٹولے نے کہا کہ محکمہ صحت کے مسائل سنگین ہیں اوراگر تعلیم وصحت سے متعلق قانون بنایا جائے تو یہ مسائل حل ہو جائیں گے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

ریاست مہاراشٹرا کا محکمہ صحت افراتفری کا شکار ہے۔ ناکافی عملے کی وجہ سے صحت عامہ کی خدمات پر اس کا اثر گزشتہ ماہ تھانے، ناسک، ناندیڑ اور ناگپور کے واقعات سے نظر آتا ہے۔ محکمہ صحت میں عملے اور افسران کی ہزاروں آسامیاں خالی ہیں لیکن حکومت انہیں پُرنہیں کررہی ہے۔ محکمہ صحت اور محکمہ تعلیم عام لوگوں کے لیے انتہائی اہم ہیں،لیکن حکومت اپنی پالیسیوں سے اسے تباہ کررہی ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت آنے کے بعد تعلیم اور صحت سے متعلق قانون بنایاجائے گا۔

نیشنل ہیلتھ مشن اور اسٹاف ایڈجسٹمنٹ ایکشن کمیٹی کے ہزاروں کنٹریکٹ افسران آزاد میدان میں غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں، کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صحت کی خدمت آپ کا تیاگ ہے اور یہ تیاگ کرنے والے بھوکے رہیں یہ کسی طور مناسب نہیں۔ آخر کوئی خالی پیٹ کام کیسے کرے گا؟ان ملازمین کو مستقل کیے جانے کا مطالبہ زیر التوا ہے، ریاستی حکومت نے وعدہ کرنے کے باوجود ان ملازمین کو مستقل نہیں کیا ہے۔پٹولے نے کہا کہ کانگریس پارٹی ان ملازمین کے مطالبات کو حکومت تک پہنچائے گی اور ان کی پیروی بھی کرے گی۔اس ضمن میں وزیر اعلیٰ کو ایک خط بھی بھیجا جائے گا اور آئندہ اسمبلی اجلاس میں بھی ان مسائل کو اٹھایاجائے گا۔

پٹولے نے کہا کہ محکمہ صحت کے مسائل سنگین ہیں۔اگر تعلیم وصحت سے متعلق قانون بنایا جائے تو یہ مسائل حل ہو جائیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اپنے انتخابی منشور میں انہیں شامل کرے گی اور حکومت بننے کے بعد فوری طور پر اس پر فیصلہ بھی لے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگرصحت وتعلیم کے شعبے کی نجکاری کی گئی تو عام غریب لوگوں کو تعلیم اور صحت سے محروم ہو جاناپڑے گا۔ناناپٹولے نے کہا کہ ریاستی حکومت نے کہا ہے کہ وہ کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی نہیں کرے گی لیکن حکومت نے اس بارے میں کسی پالیسی کا اعلان نہیں کیا ہے کہ وہ کب بھرتی کرے گی۔ عمر کی حد سب کا بنیادی مسئلہ ہے، اس لیے وقت پر خالی اسامیاں پُر نہ ہونے پر ہزاروں اہل امیدوار محروم ہو جائیں گے۔ پٹولے نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ جلد سے جلد محکمہ صحت کے ان ملازمین کے مطالبات پر فیصلہ لے، ورنہ کانگریس پارٹی اس معاملے پرآواز اٹھائے گی۔پٹولے نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں کسان، مزدور، نوجوان کوئی بھی خوش نہیں ہیں۔ مہنگائی بڑھ رہی ہے اور دوسری طرف تنخواہیں ناکافی ہیں۔ کم تنخواہ پر گھر چلانا مشکل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


;



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *