نئی دہلی: دہلی کے مبینہ شراب گھوٹالہ معاملے میں راؤز ایونیو عدالت کی جانب سے عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال اور پارٹی رہنما منیش سسودیا کو بری کیے جانے کے بعد سیاسی ماحول گرم ہو گیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی پر سخت تنقید کی ہے۔
سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے فیصلے کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ آج سچ اور انصاف دونوں کیجریوال کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں الزام لگایا کہ بی جے پی نے دہلی کے عوام کے اعتماد کے ساتھ کھیل کھیلا ہے۔ ان کے مطابق کوئی بھی الزام اتنا بڑا نہیں ہو سکتا کہ وہ سچ کو چھپا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر ایماندار شخص سکون کی سانس لے رہا ہے۔
