
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صوبہ کرکوک میں کالعدم بعث پارٹی کے رہنماؤں کی خفیہ سرگرمیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق بعض عراقی سیاسی شخصیات نے امریکی حمایت اور چند دیگر ممالک کی پشت پناہی سے کالعدم بعث پارٹی کے سرکردگان کو پہلی خفیہ نشست منعقد کرنے کی اجازت دی، جس کا مقصد عبوری حکومت کے قیام کا منصوبہ تیار کرنا اور شیعہ، سنی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات کو ہوا دینا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان سرگرمیوں کا حتمی مقصد عراق کو عدم استحکام سے دوچار کرنا، موجودہ حکومت کو کمزور ظاہر کرنا اور کالعدم بعث پارٹی کے حق میں تشہیر کرنا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ جیسے ہی عراقی سیکیورٹی فورسز کو اس خفیہ اجلاس کی اطلاع ملی، وہ فوری طور پر کرکوک پہنچ گئیں اور کارروائی کرتے ہوئے کالعدم بعث پارٹی کے پانچ سرکردہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ یہ افراد اربیل ہوائی اڈے کے ذریعے عراق میں داخل ہوئے تھے۔
